سلمان خان کی ’سکندر‘ 100 کروڑ کلب میں شامل
بولی وڈ کے دبنگ ہیرو سلمان خان کی عید الفطر پر ریلیز ہونے والی میگا ایکشن فلم ’سکندر‘ محض 5 دن میں دنیا بھر سے 154 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب ہوگئی۔
’سکندر‘ کو بھارت سمیت دنیا بھر میں 30 مارچ کو عید الفطر کے موقع پر ریلیز کیا گیا تھا، فلم نے تین اپریل تک 100 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کی۔
فلم نے جہاں دنیا بھر سے 154 کروڑ روپے کمائے، وہیں فلم نے مقامی باکس آفس یعنی صرف بھارت سے 100 کروڑ روپے کمائے اور یوں سلمان خان کی ’سکندر‘ محض 5 دن میں 100 کروڑ کلب میں شامل ہوگئی۔
’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق فلم نے ریلیز کے پہلے دن اندازوں سے کہیں کم صرف 26 کروڑ روپے کمائے تھے اور یوں فلم نے ترتیب وار اوسطا یومیہ 20 کروڑ روپے کی کمائی اور محض 5 دن میں 100 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب ہوئی۔
فلم نے ریلیز کے پانچوں دن سب سے زیادہ تیسرے دن 29 کروڑ روپے جب کہ چوتھے دن سب سے کم 10 کروڑ روپے کی کمائی۔
فلم کی پروڈکشن کمپنی کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں بتایا گیا کہ فلم تین اپریل تک دنیا بھر سے 154 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب گئی تھی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اگرچہ فلم نے اچھی کمائی کی لیکن ’سکندر‘ اندازوں سے کہیں کم کمائی کرنے میں کامیاب گئی، اندازے لگائے گئے تھے کہ فلم دو دن میں 100 کروڑ روپے کمائے گی۔
’سکندر‘ سلمان خان کی اٹھارہویں فلم بنی ہے جو کہ 100 کروڑ کلب میں شامل ہوئی، فلم کو ناقدین کی جانب سے کمزور کہانی اور غیر حقیقی ایکشن کی وجہ سے تنقید کا سامنا بھی ہے اور بعض مبصرین اسے باکس آفس کی فلاپ فلم بھی قرار دیتے دکھائی دے رہے ہیں۔
’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق اگرچہ فلم 100 کروڑ کلب میں شامل ہوگئی لیکن ہر گزرتے دن کے ساتھ فلم کی کمائی میں تیزی سے کمی ہوتی جا رہی ہے، جس سے اندازے لگائے جا رہے ہیں کہ فلم مشکل سے 500 کروڑ روپے کما سکے۔
سلمان خان نے فلم کی پروموشن کے دوران ہی کہا تھا کہ انہیں معلوم نہیں کہ فلم شائقین کو پسند آئے گی یا نہیں لیکن فلم 200 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب جائے گی۔
عام طور پر سلمان خان کی گزشتہ چند سال میں ریلیز ہونے والی فلمیں چند ہفتوں کے دوران 500 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب جاتی ہیں لیکن اس بار ان کی ’سکندر‘ سے متعلق خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم ریکارڈ کمائی کرنے میں ناکام ہوجائے گی۔
’سکندر‘ سے سلمان خان تقریبا نے دو سال بعد بڑی اسکرین پر واپسی کی ہے، ان کی آخری فلمیں ’ٹائیگر تھری اور کسی کا بھائی کسی کی جان‘ 2023 میں عید پر ریلیز ہوئی تھیں۔
سلمان خان عام طور پر سال میں ایک یا دو ہی فلمیں کرتے ہیں، تاہم 2024 میں وہ کسی بھی فلم میں دکھائی نہیں دیے تھے، اب شائقین انہیں ’سکندر‘ میں دیکھ رہے ہیں۔
فلم کے ٹریلر کو 23 مارچ کو ریلیز کیا گیا تھا، جسے چند ہی گھنٹوں میں لاکھوں بار دیکھا گیا جب کہ محض 24 گھنٹوں میں اسے ساڑھے 4 کروڑ بار تک دیکھا گیا جو کہ ایک نیا ریکارڈ تھا۔
’سکندر‘ کے ٹریلر کو کم وقت میں شاہ رخ خان کے’جوان’ کے ٹریلر سے زائد بار دیکھا گیا۔
’سکندر‘ میں سلمان خان اوررشمیکا مندانا کے علاوہ نواب شاہ اور کاجل اگروال سمیت سنیل شیٹی جیسے اداکار بھی ایکشن میں نظر آ رہے ہیں۔