ایمن خان نے 16 سال کی عمر میں مجھ سے تعلقات استوار کرلیے تھے، منیب بٹ
مقبول اداکار منیب بٹ نے کہا ہے کہ جب ان کی اہلیہ محض 16 سال کی تھیں، تب سے دونوں کے درمیان تعلقات تھے جب کہ ان کی پہلی ملاقات کے وقت ان کی اہلیہ 14 سال کی تھیں۔
منیب بٹ اور ایمن خان حال ہی میں ’ہنسنا منع ہے‘ میں شریک ہوئے، جہاں دونوں نے اپنے تعلقات اور شوبز انڈسٹری سے متعلق کھل کر بات کی۔
پروگرام کے دوران منیب بٹ نے انکشاف کیا کہ بچپن میں وہ بہت لڑاکو ہوتے تھے، آئے دن کسی نہ کسی سے لڑائی کر بیٹھتے تھے جب کہ انہیں پڑھائی کرنا بھی اچھا نہیں لگتا تھا۔
ان کےمطابق یونیورسٹی میں آنے کے بعد ان کی طبیعت تبدیل ہوئی، ان کا غصہ ختم ہوگیا اور ان میں صبر آگیا۔
منیب بٹ کا کہنا تھا کہ ان کے سب سے اچھے دوست شوبز انڈسٹری سے تعلق نہیں رکھتے، تاہم شوبز انڈسٹری والوں سے بھی ان کے اچھے اور دوستانہ تعلقات ہیں۔
پروگرام کے دوران ایمن خان نے بتایا کہ بچپن میں ان کی اور منال خان کی شکلیں بہت زیادہ ملتی تھیں اور گھر والے دونوں کو پہچاننے کے لیے انہیں الگ الگ رنگ کے کپڑے پہنا دیتے تھے۔
ان کے مطابق انہوں اور ان کی بہن منال خان نے بچپن میں ہی ماڈلنگ اور اداکاری شروع کردی تھی اور بہت سارے اشتہارات اور ڈراموں میں ایک ہی کردار میں دونوں بہنوں نے کام کیا، کیوں کہ ان کی شکلیں بہت ملتی تھیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ایک جیسی شکلیں ہونے کی وجہ سے انہوں نے امتحانات میں رول نمبرز بھی تبدیل کیے جب کہ ٹیوشن کے وقت بھی ایک دوسرے کے ہم شکل ہونے کا فائدہ اٹھاتی رہتی تھیں۔
ایمن خان نے بتایا کہ وہ منال خان سے 28 منٹ بڑی ہیں، اسی حساب سے وہ تمام بہن اور بھائیوں سے بڑی بھی ہوئیں اور انہیں بڑے ہونے کے طعنے بھی ملتے رہے ہیں۔
پروگرام کے دوران ایک سوال کے جواب میں منیب بٹ نے بتایا کہ ایمن خان کا بچپن اور جوانی ان کے سامنے گزری، اس لیے انہیں ان کی ہر چیز کا پتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی ایمن خان سے پہلی ملاقات اس وقت ہوئی تھی جب ان کی اہلیہ 14 برس کی تھیں جب کہ ان کی عمر 16 سال ہونے کے بعد ان کے درمیان تعلقات استوار ہوگئے تھے۔
خیال رہے کہ دونوں کی منگنی 2017 کے آغاز میں ہوئی اور 2018 میں دونوں نے شادی کرلی۔
جوڑے کے ہاں 30 اگست 2019 کو پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام امل رکھا تھا، بعد ازاں 7 اگست 2023 کو ان کے ہاں دوسری بیٹی میرال منیب کی پیدائش ہوئی۔