پنجاب دہشت گردوں کی ہٹ لسٹ پر ہے، مقصد بدامنی پھیلانا ہے، عظمیٰ بخاری
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب دہشت گردوں کی ہٹ لسٹ پر ہے اور ان کا مقصد صوبے میں بدامنی پھیلانا ہے۔
ڈی جی پی آر لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ عید کی چھٹیوں کے باوجود حکومت اور سیکیورٹی ادارے دہشت گردوں کے خلاف متحرک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تونسہ میں لاکھانی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا ،پولیس اور سی ٹی ڈی نے دہشت گردی کا مقابلہ کیا، پولیس والے نہتے چیک پوسٹ پر ناکہ پر ڈیوٹی دے رہے تھے، 20 سے 25 دہشت گردوں نے حملہ کیا جن میں سے 2 مارے گئے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد جدید اسلحے اور نائٹ ویژن کیمروں سے لیس تھے لیکن اب پنجاب پولیس کو بھی جدید ہتھیار فراہم کر دیے گئے ہیں تاہم خیبرپختونخوا سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے حملے جاری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے بھاری تعداد میں جدید ہتھیار استعمال کیا جب کہ زخمی دہشت گرد اپنی لاشیں چھوڑ کر بھاگے ہیں، سی ٹی ڈی و پولیس اچھا کام کررہی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا خود بری طرح دہشت گردی کا شکار ہے تو کبھی وزیر اعلیٰ گنڈا پور کو دیکھا کہ وہ معاملات دیکھ رہے ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اگر بکتر بند گاڑیاں سنائپرز یا جدید اسلحہ سی ٹی ڈی یا پولیس کو نہ دیا جاتا تو دہشت گردوں کا مقابلہ نہ کر پاتے جب کہ راولپنڈی و لاہور سے دہشت گردپکڑے گئے جو پکڑے گئے ہیں ان سے بھی معلومات مل رہی ہیں جس سے ٹریس کرنے میں مدد ملے گی۔
عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ جناح ہسپتال میں انتظامی نااہلی پر ایم ایس اور پرنسپل کو برطرف کرنے کے بعد معاملات بہتر ہوگئے ہیں اب ادویات گوداموں کے بجائے مریضوں کے سامنے ہوں گی اور ڈاکٹرز روسٹر کے مطابق موجود ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز ہسپتالوں کے خفیہ چھاپے مار رہی ہیں اور حکومت نے ہسپتالوں میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں جن میں ڈاکٹرز کا ڈیوٹی روسٹر، ادویات کی دستیابی اور مریضوں کا ڈیجیٹل ریکارڈ شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں ایئرپورٹس کی طرز پر اعلانات ہوں گے تاکہ مریضوں کو ادویات اور ڈاکٹروں کی موجودگی کی معلومات دی جا سکیں اگر کسی کو شکایت ہو تو وہ سی ایم ڈیسک پر پہنچا سکتا ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ٹرسٹی کئیر ہسپتالوں میں لوڈ زیادہ ہوتا ہے ہر بی ایچ یو میں ہسپتال بنائے ہیں وہاں بہترین علاج جاری ہے جسے بہتر کیاجا رہا ہے، جب کہ ہسپتالوں کو آئوٹ سورس کرنے کا فیصلہ حکومت کرے گی اور ہسپتالوں کو سٹیٹ آف دی آرٹ دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔