• KHI: Asr 5:00am Maghrib 5:00am
  • LHR: Asr 5:00am Maghrib 5:00am
  • ISB: Asr 5:00am Maghrib 5:00am
  • KHI: Asr 5:00am Maghrib 5:00am
  • LHR: Asr 5:00am Maghrib 5:00am
  • ISB: Asr 5:00am Maghrib 5:00am

جنوبی سوڈان کے پہلے نائب صدر ریک ماچار کو گھر میں نظر بند کردیا گیا

شائع March 29, 2025
ماچار کی پارٹی نے گرفتاری کی مذمت کی اور کہا کہ یہ غیر آئینی طریقوں سے اقتدار کو مستحکم کرنے’ کا حکومتی حربہ ہے —فائل فوٹو: رائٹرز
ماچار کی پارٹی نے گرفتاری کی مذمت کی اور کہا کہ یہ غیر آئینی طریقوں سے اقتدار کو مستحکم کرنے’ کا حکومتی حربہ ہے —فائل فوٹو: رائٹرز

جنوبی سوڈان کی حکومت نے کہا ہے کہ نائب صدر ریک ماچار کو حراست میں لیے جانے کے 2 دن بعد ’گھر میں نظربند‘ کر دیا گیا۔

ریک ماچار کی گرفتاری ایسے موقع سامنے آئی ہے، جب کینیا کے سابق وزیر اعظم بحران میں ثالثی کے لیے جوبا پہنچے تھے، کیونکہ جنوبی سوڈان میں حریف دھڑوں کے درمیان نازک امن معاہدہ ختم ہونے کا خطرہ لاحق ہو گیا تھا۔

ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق صدر سلواکیر کی وفادار فورسز کی جانب سے ماچار کی گرفتاری کے بعد اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے متحارب فریقین پر زور دیا کہ وہ ہتھیار ڈال دیں، اور جنوبی سوڈان کے تمام لوگوں کو اولیت دیں، کیونکہ اس تنازع سے دنیا کے سب سے کم عمر ملک کے دوبارہ خانہ جنگی میں جانے کا خطرہ ہے۔

وزیر اطلاعات اور حکومت کے ترجمان مائیکل ماکوئی لوئتھ نے ایک بیان میں کہا کہ سلواکیر نے ڈاکٹر ریک ماچار کو گھر میں نظربند کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ماچار گرفتاری کے باوجود، جوبا میں شہری پرسکون نظر آئے، دکانیں کھلی رہیں اور لوگ سڑکوں پر معمول کے مطابق آتے جاتے رہے۔

ماکوئی نے ناصر کاؤنٹی میں حالیہ ہفتوں میں ہونے والی جھڑپوں کے لیے ماچار کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے ان پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ اپنی افواج کو حکومت کے خلاف بغاوت کرنے پر اکسا رہے ہیں، جس کا مقصد امن میں خلل ڈالنا ہے تاکہ انتخابات کا انعقاد نہ ہو اور جنوبی سوڈان دوبارہ جنگ کی طرف چلا جائے۔

انہوں نے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ماچار اور ان کے اتحادیوں کے خلاف تحقیقات کی جائیں گی، اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

صدر سلواکیر اور نائب صدر ماچار کے درمیان اقتدار کی تقسیم کے معاہدے سے خانہ جنگی کی واپسی کا خطرہ ہے، جس میں 5 سال میں تقریباً 4 لاکھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔

ماچار کی پارٹی کے نائب صدر نے کہا کہ ان کی گرفتاری نے معاہدے کو منسوخ کردیا ہے۔

اویت نتھانیل پیئرینو نے ایک بیان میں کہا کہ جنوبی سوڈان میں امن اور استحکام کے امکانات کو اب سنگین خطرے میں ڈال دیا گیا ہے، لیکن ماکوئی نے اصرار کیا کہ امن معاہدہ اب بھی قائم ہے۔

پہلے نائب صدر کی جماعت کے ایک رکن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھاری ہتھیاروں سے لیس 20 گاڑیوں کا ایک قافلہ بدھ کی رات دارالحکومت جوبا میں ماچار کی رہائش گاہ میں داخل ہوا اور انہیں گرفتار کر لیا۔

جمعے کے روز ماچار کی پارٹی نے ان کی ’غیر قانونی نظر بندی‘ کی مذمت کرتے ہوئے اسے ’امن عمل کو پٹری سے اتارنے اور غیر آئینی طریقوں سے اقتدار کو مستحکم کرنے‘ کا حکومتی حربہ قرار دیا۔

پارٹی کی خارجہ تعلقات کی کمیٹی کے چیئرمین ریتھ موچ تانگ نے کہا کہ کیر کی پارٹی ہنگامی حالت کے بہانے حکومت تحلیل کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 3 اپریل 2025
کارٹون : 31 مارچ 2025