کوئٹہ سے اندرون ملک ٹرین سروس کی بحالی کیلئے سیکیورٹی کلیئرنس کا انتظار
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے اندرون ملک ٹرین سروس کی بحالی کے لیے اہم اجلاس کل طلب کرلیا گیا، اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کریں گے۔
ڈان نیوز کے مطابق ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس) ریلوے کوئٹہ عمران حیات نے بتایا کہ اعلیٰ سطح کے اس اجلاس میں کوئٹہ سے اندورن ملک ٹرین سروس کی بحالی کے حوالے سے امور کا جائزہ لیکر کوئی اہم فیصلہ کیا جائے گا۔
ڈی ایس ریلوے کوئٹہ عمران حیات نے مزید کہا کہ کوئٹہ سے اندورن ملک ٹرین سروس کی بحالی کےانتظامات مکمل ہیں، تاہم ٹرین سروس کی بحالی کے لیے سیکورٹی کلیئرنس نہیں مل سکی۔
انہوں نے کہا کہ جعفرایکسپریس حملےکے بعد سے ریلوے کو ہونے والے نقصان کا تخمینہ بھی لگایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ کوئٹہ سے دیگر صوبوں کے لیے ٹرین سروس آج 14 ویں روز بھی معطل ہے، بولان میں 11 مارچ کو جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد ٹرین سروس معطل کی گئی تھی۔