• KHI: Asr 5:03pm Maghrib 6:47pm
  • LHR: Asr 4:34pm Maghrib 6:21pm
  • ISB: Asr 4:40pm Maghrib 6:27pm
  • KHI: Asr 5:03pm Maghrib 6:47pm
  • LHR: Asr 4:34pm Maghrib 6:21pm
  • ISB: Asr 4:40pm Maghrib 6:27pm

کامیڈین کنال کامرا کا ’شیو سینا‘ سیاست دان کو غدار کہنے پر معافی مانگنے سے انکار

شائع March 25, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

معروف بھارتی کامیڈین کنال کامرا نے اپنے تازہ شو کے دوران شیو سینا کے سیاست دان اور ریاست مہاراشٹر کے سینئر وزیر اور نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کو غدار کہنے کی بات پر معافی مانگنے سے انکار کردیا۔

کنال کامرا نے اپنے اسٹینڈ اپ کامیڈین شو کے بعد شیو سینا کی جانب سے تھیٹر میں کی گئی توڑ پھوڑ کو غیر قانونی قرار دیا۔

انہوں نے اپنی طویل انسٹاگرام پوسٹ میں تھیٹر میں توڑ پھوڑ کرنے والوں کو بھیڑ بھی قرار دیا جب کہ لکھا کہ انہوں نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا۔

کنال کامرا نے لکھا کہ وہ پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ تفتیش کے لیے مکمل تعاون کریں گے لیکن وہ کبھی بھی خوف کے مارے بھارت نہیں چھوڑیں گے۔

کامیڈین نے لکھا کہ وہ اپنی کہی ہر بات پر اب بھی قائم ہیں، انہوں نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا، ان کے مذاق یا ان کی جانب سے کہے گئے الفاظ کی ذمہ دار تھیٹر کی عمارت نہیں تھی، جسے توڑا گیا۔

انہوں نے لکھا کہ ان کی جانب سے کہے گئے الفاظ کی ذمہ دار کوئی سیاسی پارٹی، کوئی شخص یا کوئی جگہ نہیں، وہ اپنے الفاظ اور اپنی مذاق کے خود ذمہ دار ہیں اور وہ اپنی ہر بات پر قائم ہیں، وہ معافی نہیں مانگیں گے، انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔

کنال کامرا نے 23 مارچ کو ممبئی میں اسٹینڈ اپ کامیڈی شو کے دوران بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سمیت بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) اور مہاراشٹر کی حکمران جماعت شیو سینا اور اس کے رہنماؤں پر بھی تنقید کی تھی۔

تقریبا 45 منٹ دورانیے کے اسٹینڈ اپ کامیڈی شو میں انہوں نے گجرات میں قتل عام سے لے کر ممبئی میں غندہ گردی جیسے موضوعات کو چھیڑا اور مزاحیہ گانے بھی گائے۔

شو کے دوران انہوں نے نریندر مودی سمیت دیگر سیاست دانوں پر لکھے گئے مزاحیہ گانے گائے جب کہ انہوں نے مہارا شٹر کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے پر بھی ایک گانا گیا لیکن انہوں نے گانے میں ان کا نام نہیں لیا۔

کنال کامرا نے ایکناتھ شندے پر گائے گئے مزاحیہ گانے میں ان کی شکل و صورت سمیت ان کے بیانات کا ذو معنی جملوں میں ذکر کرتے ہوئے انہیں ’غدار‘ بھی کہا تھا۔

کامیڈین نے سیاست دان کو غدار قرار دیا تھا—اسکرین شاٹ
کامیڈین نے سیاست دان کو غدار قرار دیا تھا—اسکرین شاٹ

اگرچہ انہوں نے ایکناتھ شندے کا واضح نام نہیں لیا لیکن انہوں نے ممبئی کی سیاست، پولیس تھانوں سمیت دیگر اداروں میں ان کے اثر و رسوخ کی بات کی تھی، جس سے سننے والے سمجھ گئے کہ کامیڈین مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ کی ہی بات کر رہے ہیں۔

کامیڈین کی جانب سے سیاست دانوں کا مذاق اڑائے جانے اور خصوصی طور پر ایکناتھ شندے کو غدار کہنے پر شیو سینا کے ارکان نے ان کے تھیٹر میں تھوڑ پھوڑ کی، جس کے بعد کامیڈین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔

کنال کامرا نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں میڈیا پر بھی تبصرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ وہ ان کی کامیڈی پر ہونے والے تنازع کی درست اور مصدقہ رپورٹنگ کریں، کیوں کہ پہلے ہی پریس فریڈم انڈیکس میں بھارت انتہائی پچھلے نمبروں پر ہے۔

کارٹون

کارٹون : 30 مارچ 2025
کارٹون : 29 مارچ 2025