سلمان خان کا خود سے نصف عمر ہیروئن کے ساتھ کام کا طعنہ دینے والے کو کرارا جواب
بولی وڈ کی ’سکندر‘ سلمان خان کی جانب سے خود سے نصف عمر ہیروئن کے ساتھ کام کرنے کا سوال کرنے والے صحافی کو دیے گئے کرارے جواب کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
سلمان خان نے حال ہی میں اپنی آنے والی فلم ’سکندر‘ کے ٹریلر ریلیز کے موقع پر ہونے والی تقریب میں ایک صحافی کی جانب سے پوچھے جانے والے سوال پر انہیں کرارا جواب دیا۔
سلمان خان سے صحافی نے سوال کیا تھا کہ ان کے ساتھ ’سکندر‘ میں ہیروئن کے طور پر کام کرنے والی رشمیکا مندانا اور ان کی عمر میں کتنا فرق ہے؟
صحافی کے سوال پر سلمان خان نے اپنے مخصوص انداز میں بتایا کہ ان کی اور رشمیکا مندانا کی عمر میں 31 سال کا فرق ہے۔
انہوں نے سوال کرنے والے کو کرارا جواب دیا کہ جب ہیروئن کو خود کوئی مسئلہ نہیں، ہیروئن کے والد کو کوئی مسئلہ نہیں تو تمہیں کیا مسئلہ ہے؟
سلمان خان کی اسی بات پر ان کے ساتھ کھڑی رشمیکا مندانا بھی ہنس پڑیں اور باقی صحافیوں نے بھی تالیاں بجا کر اداکار کی بات سے اتفاق کیا۔
اداکار نے مزید کہا کہ جب رشمیکا مندانا کی شادی ہوجائے گی اور ان کی بیٹی پیدا ہوگی تو کئی سال بعد وہ ان کے ساتھ بھی کام کریں گے، اس میں کیا ہے؟
خود سے نصف عمر اداکارہ کے ساتھ کام کرنے کا طعنہ دینے والے صحافی کو سلمان خان کی جانب سے دیے گئے جواب کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور اس پر صارفین نے دلچسپ تبصرے بھی کیے۔
جہاں صارفین نے سلمان خان کو آڑے ہاتھوں لیا، وہیں بعض مداحوں نے لکھا کہ اداکاری میں عمر کا کوئی فرق نہیں ہوتا۔
خیال رہے کہ عید الفطر پر ریلیز ہونے والی سلمان خان کی ایکشن فلم ’سکندر‘ میں ان کے ساتھ ان سے 31 سال کم عمر رشمیکا مندانا بطور ہیروئن کام کرتی دکھائی دیں گی۔
سلمان خان کی عمر 59 برس جب کہ رشمیکا مندانا کی عمر 28 برس ہے اور اداکار اس سے قبل بھی خود سے نصف عمر اداکاراؤں کے ساتھ کام کرتے رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رشمیکا مندانا کے والد بھی سلمان خان سے دو سال کم عمر ہیں۔