گانوں کی طرز پر بنی حمد و نعت کو پروموٹ نہ کریں، فضا علی کی درخواست
اداکارہ و ٹی وی میزبان فضا علی نے ٹی وی چینلز کے منتظمین اور سوشل میڈیا صارفین سے درخواست کی ہے کہ وہ گانوں کی طرز پر بنی حمد و نعت کو پروموٹ نہ کریں۔
فضا علی نے اپنے رمضان پروگرام میں گانوں کی طرز پر بنی نعتوں اور حمدوں کو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے پر بھی گفتگو کی۔
انہوں نے گانوں کی طرز پر بنائی گئی کسی بھی حمد یا نعت کا حوالہ دیے بغیر کہا کہ خدا اور اس کے محبوب کی تعریف میں لکھے گئے کلام کو گانوں کی دھن پر سننا اچھا نہیں لگتا۔
فضا علی کے مطابق مشہور گانوں کی دھنوں پر تیار کیے گئے کلاموں کو نہ ٹی وی چینلز پر چلایا جانا چاہیے اور نہ ہی انہیں سوشل میڈیا پر پروموٹ کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے سب سے درخواست کی کہ وہ ایسی کسی بھی نعت یا حمد کو پروموٹ نہ کریں جو کہ کسی بھی مشہور گانے کی دھن پر بنائی گئی ہو۔
اداکارہ و ٹی وی میزبان کا کہنا تھا کہ گانوں کی شاعری اور دھن فحش ہوتی ہے، جس پر نعت یا حمد بنانا غلط عمل ہوتا ہے، اس لیے ایسی عمل کو پروموٹ ہی نہ کریں۔
فضا علی کی جانب سے گانوں کی طرز پر بنی حمد و نعت کو پروموٹ نہ کرنے کی بات پر سوشل میڈیا صارفین نے ان کی تعریفیں کیں اور لکھا کہ وہ واحد رمضان شو میزبان ہیں، جنہوں نے اہم مسئلے پر بات کی۔
صارفین نے ان کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے لکھا کہ گانوں کی دھن پر بنی حمد و نعت کو سنتے وقت ہر کسی کے ذہن میں گانے ہی چلنے لگتے ہیں، اس لیے ایسی نعتوں کو پروموٹ نہ کیا جائے۔