ڈیوڈ وارنر کراچی کنگز کے کپتان مقرر
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز کراچی کنگز نے آسٹریلیا کے سابق جارح مزاج اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر کو کپتان مقرر کردیا۔
کراچی کنگز کی جانب سے پہلی بار پی ایس ایل کھیلنے والے آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر کو اپنا کپتان مقرر کردیا، کراچی کنگز نے ڈیوڈ وارنر کو پلاٹینم کیٹیگری میں منتخب کیا تھا۔
ڈیوڈ وارنر کو شان مسعود کی جگہ کراچی کنگز کا کپتان بنایا گیا ہے، شان مسعود کی کپتانی میں کراچی کنگز نے پچھلے ایڈیشن میں انتہائی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
کراچی کنگز کی جانب سے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ’ایکس‘ پر ڈیوڈ وارنر کو کپتان بنائے جانے سے متعلق باضابطہ اعلان کیا گیا۔

کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال کا کہنا تھا کہ ڈیوڈ وارنر بطور لیڈر اور میچ ونر ریکارڈ ہمارے وژن کے مطابق ہے جب کہ ہم پچھلے سیزن میں شان مسعود کی غیر معمولی قیادت پر ان کے شکر گزار ہیں اور وہ ہماری ٹیم کے اہم رکن رہیں گے۔
دوسری جانب، ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ کراچی کنگز کے پاس بہترین لائن اپ اور میں اس سال بطور کپتان ذمہ داریاں نبھانے کے لیے پرجوش ہوں۔
خیال رہے کہ 2020 میں عماد وسیم کی کپتانی میں اپنا پہلا ٹائٹل جیتنے کے بعد کراچی کنگز نے دوبارہ اس طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا جب کہ گزشتہ 3 سیزن میں وہ پلے آف تک بھی رسائی حاصل نہیں کرسکے۔
واضح رہے کہ 2018 میں بال ٹیمپرنگ کے الزام میں کرکٹ آسٹریلیا نے ڈیوڈ وارنر پر 7 سال کے لیے پابندی عائد کی تھی وہ آسٹریلیا کی کسی بھی ٹیم کی قیادت نہیں کرسکیں گے۔
تاہم، رواں سال یہ پابندی ختم ہونے کے بعد ڈیوڈ وارنر نے بگ بیش کے رواں سیزن میں سڈنی تھنڈر کی قیادت کی اور ٹیم کو فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کا دسواں ایڈیشن 11 اپریل سے 18 مئی تک کھیلا جائے گا، 6 ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں 34 میچز پاکستان کے 4 بڑے شہروں، کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔