• KHI: Maghrib 6:47pm Isha 8:04pm
  • LHR: Maghrib 6:21pm Isha 7:43pm
  • ISB: Maghrib 6:27pm Isha 7:51pm
  • KHI: Maghrib 6:47pm Isha 8:04pm
  • LHR: Maghrib 6:21pm Isha 7:43pm
  • ISB: Maghrib 6:27pm Isha 7:51pm

پوپ فرانسس 5 ہفتوں بعد اتوار کو پہلی بار عوام کے سامنے آئیں گے

شائع March 22, 2025
فائل فوٹو؛ اے ایف پی
فائل فوٹو؛ اے ایف پی

عیسائیوں کے رومن کیتھولک فرقے کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس پانچ ہفتوں سے زائد عرصے کے بعد اتوار کو پہلی بار عوام کے سامنے آئیں گے۔

عالمی خبر رساں ادارے ’ رائٹرز ’ کی رپورٹ کے مطابق 88 سالہ پوپ فرانسس 14 فروری سے روم کے گیمیلی ہسپتال میں داخل ہیں۔ انہیں شدید نمونیا لاحق ہونے پر ہسپتال لایا گیا تھا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

اس عرصے کے دوران پوپ فرانسس کو عوام نے صرف ایک بار دیکھا جب ویٹیکن نے گذشتہ ہفتے ان کی تصویر جاری کی تھی جس میں انہیں ہسپتال کے گرجا گھر میں دعا کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

ویٹیکن کی جانب سے ہفتے کو جاری کیے گئے مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ پوپ فرانسس اتوار کی دوپہر کو ہسپتال کی کھڑکی پر آکر دعائیں دینا چاہتے ہیں۔

پوپ فرانسس عام طور پر اتوار کو سینٹ پیٹرز اسکوائر پر ہفتہ وار دوپہر کی عبادت کرتے ہیں، تاہم 9 فروری کو ہسپتال جانے کے بعد سے وہ اپنا یہ معمول انجام نہیں دے سکے ہیں۔

ویٹیکن کا کہنا ہے کہ پوپ اس اتوار کو عبادت نہیں کرپائیں گے، کیونکہ وہ ابھی نمونیا سے صحت یاب ہورہے ہیں، تاہم وہ سلام کرنے کے لیے کھڑکی پرآئیں گے۔

پوپ فرانسس کو پھیپھڑوں کے انفیکشن کا خطرہ رہتا ہے کیونکہ انہیں جوانی میں نمونیا ہوا تھا اور ان کے ایک پھیپھڑے کا کچھ حصہ نکال دیا گیا تھا۔

پوپ کے منصب پر فائز ہونے کے بعد 12 سال کے عرصے کے دوران ان کا ہسپتال میں داخل ہونا ان کی صحت کے حوالے سے سب سے سنگین بحران ہے، اور 2013 میں پوپ بننے کے بعد انہیں عوام کی نگاہوں سے اوجھل ہوئے سب سے طویل عرصہ گزرچکا ہے۔

پوپ کی طبی حالت کے بارے میں ویٹیکن نے جمعے کو بتایا کہ فرانسس سانس لینے میں مدد کے لیے ہائی فلو آکسیجن کا استعمال کم کر رہے ہیں۔

تاہم، ایک سینئر کارڈینل نے جمعہ کو کہا کہ اسپتال میں قیام کے دوران آکسیجن استعمال کرنے کے بعد پوپ کو ’ دوبارہ بولنے کے قابل ہونے’ میں وقت لگ سکتا ہے۔

ویٹیکن کے چیف ڈاکٹرائن آفیشل کارڈینل وکٹر فرنانڈز نے کہا کہ پوپ بہتر ہو رہے ہیں، لیکن ہائی فلو آکسیجن ہر چیز کو خشک کر دیتی ہے۔ انہیں دوبارہ بولنا سیکھنے کی ضرورت ہوگی، لیکن ان کی مجموعی جسمانی حالت پہلے جیسی ہی ہے۔

ویٹیکن نے پوپ کی اسپتال سے چھٹی کے لیے کوئی وقت مقرر نہیں کیا ہے، لیکن 8 اپریل کو برطانیہ کے شاہ چارلس کے ساتھ ملاقات کے منصوبوں نے یہ امکان پیدا کر دیا ہے کہ فرانسس اس وقت تک اپنی ویٹیکن رہائش گاہ پر واپس آ سکتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 30 مارچ 2025
کارٹون : 29 مارچ 2025