• KHI: Zuhr 5:00am Asr 5:00am
  • LHR: Zuhr 5:00am Asr 5:00am
  • ISB: Zuhr 5:00am Asr 5:00am
  • KHI: Zuhr 5:00am Asr 5:00am
  • LHR: Zuhr 5:00am Asr 5:00am
  • ISB: Zuhr 5:00am Asr 5:00am

پی ٹی آئی کی مینار پاکستان پر جلسے کی درخواست امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر مسترد

شائع March 22, 2025
لاہور ہائیکورٹ کے جج نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار کو حکام کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا حق حاصل ہے — فائل فوٹو: ڈان
لاہور ہائیکورٹ کے جج نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار کو حکام کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا حق حاصل ہے — فائل فوٹو: ڈان

ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) لاہور نے ملک میں امن و امان کی سنگین صورتحال کے پیش نظر مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست مسترد کردی۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی نے 22 مارچ کو اپنے نائب صدر پنجاب اکمل خان باری کے ذریعے اجازت کے لیے درخواست دی تھی۔

جمعہ کو جاری ہونے والے ایک حکم نامے میں ڈی سی سید موسیٰ رضا نے کہا کہ درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی (ڈی آئی سی) کی سفارش پر کیا گیا ہے۔

ڈی آئی سی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو 22 مارچ کو جلسے کی اجازت دینا سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر ممکن نہیں ہوگا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ 22 مارچ (21 رمضان) حضرت علی رضی اللہ عنہ کا یوم شہادت ہے، اور اس دن کی خصوصی تقریبات اور امن و امان برقرار رکھنے کے حوالے سے سیکیورٹی فورسز کو تعینات کیا جائے گا، مزید برآں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پہلے ہی جان سے مارنے کے خطرات کا سامنا ہے۔

خاص خطرہ یہ ہے کہ 76 خودکش بمباروں کو فتنہ الخوارج نے پاکستان میں بڑے پیمانے پر دہشت گردی کی سرگرمیوں کو انجام دینے کے لیے تربیت دی ہے۔

ڈی آئی سی کا مزید کہنا تھا کہ حال ہی میں 3 واقعات پیش آئے ہیں، جن میں خیبر پختونخوا میں بنوں چھاؤنی کے قریب اکوڑہ خٹک بم دھماکا اور بلوچستان میں جعفر ایکسپریس شامل ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے اپنے حکم نامے میں یہ بھی کہا کہ قومی اسمبلی نے فتنہ الخواج کے حوالے سے ان کی سرگرمیاں روکنے کے لیے ایک قرارداد بھی منظور کی، اور اس آپریشن کے لیے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

دریں اثنا اکمل خان باری نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ اگر موجودہ حکومت اپنے عوام کو تحفظ فراہم نہیں کرسکتی، تو اسے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

لاہور ہائی کورٹ نے ڈپٹی کمشنر کے فیصلے کی روشنی میں مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت دینے کی تحریک انصاف کی درخواست نمٹا دی۔

جسٹس فاروق حیدر نے پی ٹی آئی رہنما اکمل خان باری کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی جس میں پارٹی درخواست پر فیصلہ کرنے میں حکام کی ناکامی کو چیلنج کیا گیا تھا۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل بلیغ الزمان نے ضلعی حکومت کی جانب سے جواب جمع کرایا جس میں کہا گیا کہ ڈپٹی کمشنر کو اجتماع کی اجازت دینے یا نہ دینے کا اختیار حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر نے ضلعی انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس کے بعد پی ٹی آئی کی ریلی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے پہلے ہی فیصلہ کر لیا تھا۔

جج نے نوٹ کیا کہ متعلقہ حکام نے درخواست گزار کی ریلی کی درخواست مسترد کردی ہے۔

عدالت نے لا افسر کو ہدایت کی کہ وہ درخواست گزار کے وکیل کو سرکاری جواب اور ڈی سی کے فیصلے کی کاپیاں فراہم کریں۔

جج نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار کو حکام کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا حق حاصل ہے۔

کارٹون

کارٹون : 29 مارچ 2025
کارٹون : 28 مارچ 2025