بے خوابی سے امراض قلب بڑھنے کا انکشاف
ایک تازہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ بے خوابی یا نیند نہ کرنے سے دیگر طبی پیچیدگیوں کے ساتھ ساتھ امراض قلب کےامکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔
اس سے قبل کی جانے والی متعدد تحقیقات میں بھی یہ ثابت ہوچکا ہے کہ نیند کی کمی ڈپریشن، امراض قلب، بلڈ پریشر، وزن میں اضافے اور کمی سمیت دیگر طبی پیچیدگیوں کا سبب بن سکتی ہے۔
اب تازہ تحقیق کے دوران ماہرین نے نیند نہ آنے یا کم نیند کرنے والے افراد میں طبی پیچیدگیاں پیدا ہونے کی تحقیقات کا مطالعہ کیا۔
طبی ویب سائٹ کے مطابق ماہرین کی جانب سے کیے گئے تجزیے سے معلوم ہوا کہ بے خوابی یا نیند کا آنا براہ راست بلڈ پریشر بڑھانے کا سبب بنتا ہے، جس سے امراض قلب ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق نیند مکمل نہ کرنے کی وجہ سے انفلیمیشن بڑھنے سمیت دیگر طبی مسائل بھی بڑھ جاتے ہیں، جس سے بعض سنگین بیماریاں بھی لاحق ہو سکتی ہیں۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ سونے میں مشکلات کا سامنا کرنے والے افراد کو اپنا طرز زندگی بہتر کرکے شراب و سگریٹ نوشی ترک کرنے کے ساتھ کافی اور چائے کا بھی کم استعمال کرنا چاہیے جب کہ انہیں ورزش یا سخت کام کرنے کو ترجیح دینی چاہیے۔
ماہرین نے بتایا کہ نیند کا دورانیہ ہر عمر کے افراد کے لیے مختلف ہوتا ہے، کم عمر اور بڑھتی عمر کے افراد کے لیے8 سے 9 گھنٹے تک نیند کرنا بہتر ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق 60 سال یا اس سے زائد العمر افراد کے لیے 6 سے 7 گھنٹے نیند کا دورانیہ بہتر ہوتا ہے جب کہ ادھیڑ عمر کے لوگوں کے لیے 7 سے 8 گھنٹے نیند کرنا صحت کے لیے بہتر ہوتا۔
ماہرین کے مطابق تاہم بعض حالات میں نیند کا دورانیہ کبھی کبھار کم بھی ہوسکتا ہے، ایسے میں پریشان ہونے کے بجائے ترتیب وار نیند کےدورانیے کو بڑھانے اور بہتر کرنے پر توجہ دی جائے۔
ماہرین نے یہ بھی تجویز دی کہ اگر کسی شخص کو سونے میں مشکلات پیش آتی ہیں اور وہ بستر پر سونے کی ناکام کوشش میں بستر پر 8 گھنٹے گزارنے کے بجائے خود کو خوش رکھنے والے کسی کام میں مصروف کرے تو بہتر ہے۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ کسی رات کم نیند کرنے پر اگلے دن یا رات کو زیادہ سوکر نیند کا دورانیہ مکمل کرنا بھی غلط حکمت عملی ہے، اس سے دوسری بار زیادہ نیند کرنے سے بھی مسائل ہوسکتے ہیں۔
ماہرین نے تجویز دی کہ 6 گھنٹے تک سو پانے والےافراد ترتیب وار اپنی نیند کے دورانیے کو 15 سے 20 منٹ تک بڑھانے کی حکمت عملی پر کام کرکے نیند کا دورانیہ 7 سے 8 گھنٹے تک لے جائیں۔