سماعت سے محروم افراد کے قدرتی آفات سے تحفظ کیلئےمصنوعی ذہانت پر مبنی منصوبہ متعارف
پاکستان میں سماعت سے محروم افراد کو ہنگامی صورتحال میں زندگی بچانے والی معلومات اور مواصلاتی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی منصوبہ متعارف کروادیا گیا۔
جنوبی ایشیا کے معاون ٹیکنالوجی اسٹارٹ اپ،کنیکٹ ہئیر (ConnectHear) نے کراچی میں’رسائی، صلاحیت اور ٹیکنالوجی’ کے عنوان سے منعقدہ تقریب میں منصوبے کا باضابطہ آغاز کردیا ہے، جس کا مقصد قدرتی آفات کے دوران معاشرے کے تمام افراد کی جان و مال کے تحفظ کیلئے مصنوعی ذہانت پر مبنی سہولیات کو بروئے کار لانا ہے۔
اس منصوبے کے تحت کنیکٹ ہئیر کی جدید مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹیکنالوجی اور آن لائن مترجم پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستان میں سماعت سے محروم افراد کو ہنگامی صورتحال میں زندگی بچانے والی معلومات اور مواصلاتی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ دس ممالک میں شامل پاکستان کو ہنگامی حالات کے دوران بروقت معلومات کی فراہمی کے حوالے سے شدیدمشکلات کا سامنا ہے، خاص طور پر اُن ایک کروڑ سے زائد افراد کو جو سماعت سے محروم ہیں۔
تقریب میں مقررین نے عوامی اور نجی شعبے کی شراکت سے آفات سے بچاؤ کاایک جامع نظام تشکیل دینے کی ضرورت اور اجتماعی ذمہ داری پر زور دیا ۔
سماجی ترقی کے ماہر وعالمی بینک کے اعلیٰ عہدیدار، کامران اکبر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بحرانوں کے دوران رسائی کی اہمیت پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ ’’آفات سے بچاؤ کے عمل میں معاشرے کے تمام افراد کی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھنا محض ایک ضرورت نہیں بلکہ ایک ذمہ داری ہے۔ معذور افراد کی بہبود کیلئے مصنوعی ذہانت کے ذریعے مواصلاتی رکاوٹوں کو دور کرنا کسی بھی بحران کے منصفانہ انتظام کی طرف ایک انقلابی قدم ہے‘۔
کنیکٹ ہئیر کے شریک بانی اور سی ٹی او، ارحم اشتیاق نے منصوبے کی ٹیکنالوجی کے حوالے سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ مصنوعی ذہانت کی قوت سے مواصلاتی رکاوٹوں کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکتا ہے ۔ ہم محض ترجمہ کی خدمات فراہم نہیں کر رہے، بلکہ ایک ایسا نظام تشکیل دے رہے ہیں، جو سماعت سے محروم افراد کے لیے فوری طور پر زندگی بچانے والی معلومات قابلِ فہم طریقے سے فراہم کر سکے۔
قدرتی آفات کے دوران سماعت سے محروم افراد کے لیے دو بنیادی ٹیکنالوجیز متعارف کرائی گئی ہیں، جن میں قدرتی آفات سے قبل سماعت سے محروم افراد کو بروقت خبردار کرنے والا مصنوعی ذہانت پر مبنی نظام، ای ڈبلیو اے آئی ہے، جو کنیکٹ ہئیر کے اشاروں کی زبان مشتمل شناختی نظام پر مبنی ہے اور خودکار طور پر زندگی بچانے والے ویڈیو الرٹس تیار کر سکتا ہے۔
دوسرا ورچوئل اشاروں کی زبان سمجھنے والا پلیٹ فارم ہے، جسے کمزور نیٹ ورک والے علاقوں میں بھی مؤثر طریقے سے کام کرنے کے لیے تیار کیا جائے گا۔ اس نظام سے بھرپور استفادے کیلئے یوفون 4G ان الرٹس کو اپنے نیٹ ورک کے ذریعے نشر کرے گا ۔ یوفون 4G نے کنیکٹ ہئیر ایپ کے لیے ڈیٹا کی لاگت صفر کر دی ہے، تاکہ صارفین اسے بالکل مفت استعمال کر سکیں۔