جماعت اسلامی کا ملک بھر میں فلسطینیوں سے اظہار یکجتی کیلئے کل پرامن احتجاج کا اعلان
جماعت اسلامی نے کل ملک بھر میں فلسطینیوں سے اظہار یکجتی کے لیے پرامن احتجاج کا اعلان کردیا۔
منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل نے جنگ بندی کو یکطرفہ ختم کرتے ہوئے شدید بمباری کی جس سے سیکڑوں افراد و بچے شہید ہوگئے، امریکا اور اسرائیل دہشت گرد ریاست بن چکی ہے، ہمیں بطور مسلمان اس پر آواز اٹھانی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے لوگ مسلم ممالک کی طرف دیکھتے ہیں، ہم ایٹمی طاقت اور پیشہ ور فوج رکھتے ہیں اور غزہ کو ہم سے توقعات ہیں۔
حافظ نعیم نے کل ملک بھر میں نماز جمعہ کے بعد فلسطینوں سے اظہار یکجتی کے لیے احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بڑے شہروں میں امریکی قونصل خانے کی طرف مارچ کیا جائے گا، حکومت سمیت تمام سیاسی جماعتوں کی طرف سے پیغام جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حکمران طبقے نے ہمیں بہت چھوٹا کردیا جبکہ ملک میں ایک خاص طبقہ اسرائیل کے ساتھ بات چیت کی کوشش کر رہا ہے، اگر حکومت نے کچھ ایسا کیا تو سنگین نتائج بھگتنا پڑے گے۔
ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم نے واضح کہا تھا کہ اسرائیل ناجائز ریاست ہے، اس کو کبھی قبول نہیں کیا جائے گا۔