اسٹاک ایکسچینج میں 972 پوائنٹس کا اضافہ، انڈیکس نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں ٹریڈنگ کے دوران آج زبردست تیزی کا رجحان دیکھا گیا، اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 972 پوائنٹس اضافے سے تاریخ کی نئی بُلند ترین سطح ایک لاکھ 17 ہزار 974 پر پہنچ گیا۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق کے ایس ای-100 انڈیکس 972 پوائنٹس یا 0.83 فیصد اضافے سے ایک لاکھ 17 ہزار 974 پوائنٹس پر بند ہوا، جو گزشتہ روز ایک لاکھ 17 ہزار پوائنٹس پر تھا۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو محمد سہیل نے اس تیزی کی وجہ حکومت اور بینکوں کے درمیان پرانے گردشی قرضوں کے مسائل حل کرنے پر ممکنہ اتفاق کو قرار دیا، جس سے لسٹڈ انرجی کمپنیوں کو مدد ملے گی۔
حکومت نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ اس نے بینکوں کے ساتھ سرکاری ادارے پاور ہولڈنگ لمیٹڈ کے لیے کائیبور مائنس 0.90 فیصد سالانہ کے شرح سود پر 12 کھرب 50 ارب روپے کی فنانسنگ کا معاہدہ کیا ہے۔
اس اقدام کو گردشی قرضے کے خاتمے کے لیے ایک وسیع حکمت عملی کے طور پر بتایا گیا ہے، جس کے سبب پاور سیکٹر مشکلات سے دوچار ہے، یہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران مسلسل جمع ہونے والے بلوں، چوری اور تقسیم کے نقصانات کی وجہ سے ہوا ہے۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ پاکستان کے مذاکرات میں گردشی قرضوں کا بحران سب سے زیادہ متنازع مسائل میں سے ایک ہے، جبکہ حکومت کا ہدف ہے کہ 15 کھرب ارب روپے کے گردشی قرضے کو 12 کھرب 50 ارب روپے کے نئے قرض اور 250 ارب روپے بجٹ سپورٹ کے ذریعے ختم کرنا ہے۔
عارف حبیب لمیٹڈ میں ہیڈ آف ریسرچ ثنا توفیق نے نوٹ کیا کہ مثبت رفتار گزشتہ ہفتے سے جاری ہے، مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل کے حوالے نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے۔
انہوں نے روشنی ڈالی کیا کہ گردشی قرضوں کے حوالے سے خبروں سے پتا چلتا ہے کہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ اویس اشرف نے بھی اسی جذبات کی بازگشت کی۔