صبور اور علی انصاری کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش
اداکارہ صبور علی اور ان کے شوہر اداکار علی انصاری نے اپنے ہاں پہلے بچے کی پیدائش کی تصدیق کرتے ہوئے تصاویر شیئر کردیں۔
دونوں نے 19 مارچ کو نوزائیدہ بچے کے ہمراہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنے والدین بننے کی تصدیق کی۔
دونوں نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ ان کے ہاں 18 مارچ کو بیٹی کی پیدائش ہوئی اور ساتھ ہی انہوں نے بیٹی کا نام بھی بتا دیا۔
صبور علی اور علی انصاری نے بتایا کہ انہوں نے بیٹی کا نام سرینا علی رکھا ہے۔
دونوں کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں انہیں بچے سے محبت کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
دونوں کی جانب سے اپنے ہاں بچے کی پیدائش کی پوسٹ پر شوبز شخصیات سمیت مداحوں نے انہیں مبارک باد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
اگرچہ دونوں نے بتایا کہ ان کے ہاں 18 مارچ کو بیٹی کی پیدائش ہوئی، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ بچی کی پیدائش کہاں ہوئی اور اب زچہ و بچہ کی صحت کیسی ہے۔
صبور علی اور علی انصاری نے واضح طور پر اپنے ہاں پہلے بچے کی متوقع پیدائش کا اعلان بھی نہیں کیا تھا، تاہم فروری 2025 میں صبور علی کی گود بھرائی کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔
گود بھرائی کی ویڈیو وائرل ہونے پر بھی دونوں نے اپنے ہاں بچے کی متوقع پیدائش سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا تھا۔
صبور علی کو بھی مختلف تقریبات میں دیکھا جاتا رہا جب کہ وہ سوشل میڈیا پر بھی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتی رہیں، جن میں واضح طور پر ان کے ’بے بی بمپ‘ کو نہیں دیکھا گیا۔
دونوں نے کچھ عرصہ تعلقات میں رہنے کے بعد جنوری 2022 میں شادی کی تھی اور اب تین سال بعد ان کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش ہوگئی۔