• KHI: Zuhr 12:38pm Asr 5:02pm
  • LHR: Zuhr 12:09pm Asr 4:32pm
  • ISB: Zuhr 12:14pm Asr 4:37pm
  • KHI: Zuhr 12:38pm Asr 5:02pm
  • LHR: Zuhr 12:09pm Asr 4:32pm
  • ISB: Zuhr 12:14pm Asr 4:37pm

دانش تیمور کو اہلیہ عائزہ خان کے سامنے شادیوں کے بیان پر تنقید کا سامنا

شائع March 18, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اداکار و ٹی وی میزبان دانش تیمور کو اہلیہ عائزہ خان کے سامنے ایک سے زائد شادیوں کی بات کرنے پر تنقید کا سامنا ہے۔

عائزہ خان حال ہی میں شوہر دانش تیمور اور رابعہ انعم کے گرین ٹی وی کے رمضان شو میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

پروگرام کے دوران شوہر دانش تیمور نے اہلیہ سے پوچھا کہ انہیں شوبز انڈسٹری میں کام کرتے ہوئے 15 سال ہوچکے ہیں اور وہ مزید کتنے عرصے تک کام کرتی رہیں گی؟

اس پر عائزہ خان کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ زندگی کے اختتام تک کام کرتی رہیں، کیوں کہ انہیں کام کرنا پسند ہے۔

ان کے مطابق انہیں کوئی بھی کام کرنا پسند ہے، لازمی نہیں کہ وہ اداکاری ہی کرتی رہیں اور انہیں یہ بھی معلوم نہیں کہ آگے چل کر ان کی زندگی میں کیا ہونے والا ہے۔

اداکارہ نے انکشاف کیا کہ انہیں ٹی وی میزبانی کا شوق تھا لیکن وہ اداکارہ بن گئیں، پھر ماڈلنگ بھی کی اور بعد ازاں فیشن ماڈلنگ بھی کرنے لگیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اور ان کے شوہر ذمہ دار ہیں، اس لیے کوشش کرتے ہیں کہ کام کے لیے بھی ہر وقت ایک فرد بچوں کے پاس رہے۔

عائزہ خان کے مطابق وہ اور ان کے شوہر دانش تیمور حقیقت پسند ہیں، انہیں مولویوں کے مرد حضرات کے ایک سے زائد شادیوں کے بیانات سے بھی کوئی فرق نہیں پڑتا۔

ان کی اسی بات پر دانش تیمور نے کہا کہ مذاق اپنی جگہ لیکن یہ حقیقت ہے کہ خدا تعالیٰ نے مرد کو چار شادیوں کی اجازت دی ہے اور جب خدا کسی کو اجازت دے تو کسی اور کی اجازت کی ضرورت نہیں رہتی۔

دانش تیمور نے مزید کہا کہ انہیں خدا کی طرف سے چار شادیوں کی اجازت ہے لیکن یہ الگ بات ہے کہ وہ کر نہیں رہے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اداکار کے مطابق وہ ان کا پیار ہے، عزت ہے، اس لیے مزید شادیاں نہیں کر رہے اور یہ کہ فی الحال وہ عائزہ خان کے ساتھ ہی زندگی گزارنا چاہتے ہیں۔

شوہر کی جانب سے ایک سے زائد شادیوں کی بات کرنے پر عائزہ خان خاموشی سے سر ہلاتی دکھائی دیں لیکن ان کے چہرے پر افسردگی کو محسوس کیا گیا۔

دانش تیمور کی جانب سے اہلیہ کے سامنے مرد کی ایک سے زائد شادیوں پر بات کرنے پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا اور لکھا کہ وہ ایسے بات کر رہے ہیں، جیسے کسی پر احسان جتا رہے ہوں۔

کارٹون

کارٹون : 25 مارچ 2025
کارٹون : 24 مارچ 2025