مریم نفیس کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش
ماڈل و اداکارہ مریم نفیس اور ہدایت کار امان احمد کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش پر شوبز شخصیات اور مداحوں کی جانب سے انہیں مبارک باد پیش کی جا رہی ہے۔
دونوں نے 17 مارچ کو انسٹاگرام پر نوزائیدہ بچے کے ہمراہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنے والدین بننے کی خوشخبری سنائی۔
دونوں کی جانب سے شیئر کردہ متعدد تصاویر میں انہوں نے بچے کا چہرہ بھی دکھایا جب کہ بعض تصاویر میں مریم نفیس کو ہسپتال کے بستر پر بھی دیکھا گیا۔
دونوں نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ ان کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش ایک ہفتہ قبل ہوئی تھی۔
دونوں نے پوسٹ میں بیٹے کا نام بھی بتایا اور مداحوں کو آگاہ کیا کہ ان کے بیٹے کا نام سید عیسیٰ امان احمد ہے۔
مریم نفیس نے اپنے ہاں ماہ رمضان المبارک میں بچے کی پیدائش پر اللہ کا شکر ادا کیے جب کہ انہوں نے جلد ماں بننے والی خواتین کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ان کی جانب سے اپنے ہاں پہلے بچے کی پیدائش کی پوسٹ شیئر کیے جانے پر شوبز شخصیات اور مداحوں نے تبصرے کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی۔
اگرچہ دونوں نے بتایا کہ ان کے ہاں ایک ہفتہ قبل بچے کی پیدائش ہوئی تھی، تاہم دونوں نے واضح نہیں کیا کہ ان کے ہاں کہاں بچے کی پیدائش ہوئی۔
بچے کی پیدائش کا اعلان کرنے سے قبل مریم نفیس چند ہفتے قبل برطانیہ اور امریکا روانہ ہوئی تھیں جب کہ انہوں نے حمل کے بعد ’بے بی بمپ‘ کے ہمراہ لندن میں فوٹوشوٹ بھی کروائے تھے۔
ممکنہ طور پر مریم نفیس نے امریکا میں بچے کو جنم دیا، تاہم اس حوالے سے تصدیقی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
مریم نفیس نے نومبر 2024 میں تصدیق کی تھی کہ ان کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔
مریم نفیس اور امان احمد نے مارچ 2022 میں شادی کی تھی، اس سے قبل دونوں کے درمیان کچھ عرصے تک تعلقات رہے تھے۔