• KHI: Fajr 5:20am Sunrise 6:36am
  • LHR: Fajr 4:45am Sunrise 6:06am
  • ISB: Fajr 4:49am Sunrise 6:12am
  • KHI: Fajr 5:20am Sunrise 6:36am
  • LHR: Fajr 4:45am Sunrise 6:06am
  • ISB: Fajr 4:49am Sunrise 6:12am

عمران خان کی حمایت والی کیپ پہننے پر عامر جمال پر بھاری جرمانہ عائد

شائع March 17, 2025 اپ ڈیٹ March 18, 2025
— فائل فوٹو: پی سی بی
— فائل فوٹو: پی سی بی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عامر جمال پر سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان سے متعلق سیاسی نعرے والی کیپ پہننے پر 10 لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔

کھیلوں کی ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق گزشتہ سال دسمبر میں انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کے دوران ٹریننگ کے دن عامر جمال نے ٹوپی پہنی تھی جس کے نیچے چھوٹا سا ’804‘ نمبر درج تھا۔

دراصل، ’804‘ سابق وزیراعظم عمران خان کا قیدی نمبر ہے جو اگست 2023 سے جیل میں ہیں اور بدعنوانی سمیت دیگر کیسز میں سزاؤں کا سامنا کررہے ہیں۔

پی ٹی آئی اور عمران خان کا ماننا ہے کہ یہ تمام کیسز سیاسی ہیں تاہم قیدی نمبر ’804‘ ان کے چاہنے والوں اور کارکنوں کے درمیان مقبول ہوگیا جو اکثر جلسوں اور ریلیوں سمیت دیگر مقامات پر پی ٹی آئی کے حامی استعمال کرتے ہیں۔

چونکہ عامر جمال ٹریننگ کٹ میں تھے اور انہوں نے میچ والے دن کسی قسم کا سیاسی پیغام نہیں دیا لہذا وہ آئی سی سی کے کوڈ آف کنڈکٹ سے بچ گئے تاہم یہ معاملہ پی سی بی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی میں شمار کیا گیا۔

قومی آل راؤنڈر عامر جمال پر کوڈ کی شق 2.23 کے تحت جرمانہ عائد کیا گیا ہے، اس شق میں کہا گیا ہے کہ کھلاڑی کسی بھی حساس، فرقہ وارانہ، نسلی، سیاسی معاملے پر تبصرہ نہیں کر سکتے۔

تاہم، پی سی بی کی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر یہ غیر معمولی طور پر ایک بڑا جرمانہ سمجھا جارہا ہے جس کا مقصد ایک مثال قائم کرنا ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں انگلینڈ کے خلاف ملتان ٹیسٹ سے لے کر ساؤتھ افریقہ سیریز تک کھلاڑیوں پر تقریبا 33 لاکھ روپے کے جرمانے کیے گئے۔

ان میں سب سے بڑا جرمانہ سیاسی نعرہ والی کیپ پہننے پر عامر جمال پر عائد کیا گیا جب کہ آسٹریلیا سیریز میں رات ہوٹل دیر سے آنے پر سلمان علی آغا ،صائم ایوب اور عبداللہ شفیق پر 5،5 لاکھ روپیہ جرمانہ کیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 20 مارچ 2025
کارٹون : 19 مارچ 2025