ویرات کوہلی نے ٹی20 سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اشارہ دیدیا
بھارتی ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے امریکی شہر لاس اینجلس میں ہونے والے اولمپکس کے لیے ٹی20 انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اشارہ دے دیا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق بھارت کے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی نے لاس اینجلس کے 2028 اولمپکس میں کرکٹ کی شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ بھارتی ٹیم کی نئی نسل سونے کا تمغہ لانے کے لیے تیار ہوگی۔
یاد رہے کہ امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں کھیلے گئے ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے فائنل میں جنوبی افریقہ کو شکست دینے کے بعد ویرات کوہلی نے مختصر فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا ’اب وقت آگیا ہے کہ نوجوان کھلاڑی آگے آئیں اور ٹیم کے لیے کچھ کر دکھائیں‘۔
2028 میں لاس اینجلس میں شیڈول اولمپکس میں ایک صدی بعد کرکٹ کے کھیل کو شامل کیا جارہا ہے جس کے لیے مردوں اور خواتین کی 6،6 ٹیمیوں کو شامل کیا گیا ہے جو ٹی20 فارمیٹ کھیلیں گی۔
مختصر فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے 36 سالہ ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ مجھے جب یہ خبر ملی تو بہت خوش ہوا کیوں کہ یہ بہت اچھا ہے۔
خیال رہے کہ ٹی20 انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ لینے والے ویرات کوہلی نے حال ہی میں پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے ون ڈے انٹرنیشنل فارمیٹ میں ہونے والے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا اور وہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی بھارتی ٹیم کے اہم رکن ہیں۔
ویرات کوہلی نے کہا کہ اولمپکس میں کرکٹ کی شمولیت میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سمیت دنیا بھر میں ہونے والے ٹی20 لیگز نے یقینی طور پر بہت بڑا کردار ادا کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان لیگز نے کرکٹ کو اس اسٹیج تک پہنچا دیا ہے جہاں یہ اولمپکس کا حصہ بن گیا ہے جب کہ ہمارے نئے کھلاڑیوں کے لیے اس میں شامل ہونے کا بہترین موقع ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ویرات کوہلی نے کہا کہ ٹی20 انٹرنیشنل میں میری بھارتی ٹیم میں واپسی کا امکان بہت کم ہے، تاہم مجھے نہیں معلوم اگر ہم گولڈ میڈل حاصل کے لیے کھیل رہے ہوں تو شاید میں ایک میچ کے لیے میدان میں اترو اور میڈل حاصل کرکے واپس آجاؤں، لیکن مجھے نہیں لگتا کہ ایسا ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھااولمپک چیمپیئن بننا بہت شاندار احساس ہوگا، کیوں کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہماری ٹیم اس کے بہت قریب پہنچے گی۔