• KHI: Zuhr 12:41pm Asr 5:00pm
  • LHR: Zuhr 12:11pm Asr 4:28pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 4:32pm
  • KHI: Zuhr 12:41pm Asr 5:00pm
  • LHR: Zuhr 12:11pm Asr 4:28pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 4:32pm

عتیقہ اوڈھو نے 13 سال قبل فواد خان کی ماں کا کردار ادا کیا تھا، بشریٰ انصاری

شائع March 13, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے ساتھی اداکارہ عتیقہ اوڈھو کی جانب سے مقبول ڈرامے ’کبھی میں کبھی تم‘ میں فہد مصطفیٰ کی والدہ کا کردار ادا نہ کرنے کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا ہے کہ 13 سال قبل وہ فواد خان کی والدہ کا کردار ادا کر چکی تھیں۔

’کبھی میں کبھی تم‘ کو گزشتہ برس نشر کیا گیا تھا، جس میں فہد مصطفیٰ کی والدہ کا کردار بشریٰ انصاری نے ادا کیا تھا۔

ڈرامے میں جاوید شیخ نے فہد مصطفیٰ کے والد، عماد عرفانی نے بھائی جب کہ ہانیہ عامر نے اہلیہ کا کردار ادا کیا تھا۔

ڈرامے کو منفرد کہانی کی وجہ سے کافی سراہا گیا تھا اور ڈرامے کی مقبولیت سرحد پار بھی جا پہنچی تھی۔

اسی ڈرامے کے حوالے سے عتیقہ اوڈھو نے کہا تھا کہ انہیں ڈرامے میں فہد مصطفیٰ کی والدہ کے کردار کی پیش کش ہوئی تھی لیکن انہوں نے منع کردیا تھا۔

انہوں نے دلیل دی تھی کہ کم عمر ہونے کی وجہ سے انہوں نے فہد مصطفیٰ کی ماں بننے کے کردار کی پیش کش کو مسترد کیا تھا۔

اب ان کی بات پر بشریٰ انصاری نے بھی طنزیہ انداز میں جواب دیا ہے کہ اداکارہ 13 سال قبل ڈرامے میں فواد خان کی ماں بن چکی تھیں۔

بشریٰ انصاری نے جویریہ سعود کے رمضان شو میں اعتراف کیا کہ عتیقہ اوڈھو ان سے کم عمر ہیں لیکن پھر ساتھ ہی طنزیہ انداز میں کہا کہ وہ 13 سال قبل ہی ڈرامے میں فواد خان کی ماں کا کردار ادا کرچکی تھیں۔

بشریٰ انصاری نے مزید کہا کہ اصل بات یہ تھی کہ عتیقہ اوڈھو اس وقت مصروف تھیں، اسی وجہ سے انہوں نے شاید انکار کردیا تھا، عمر کی بات نہیں تھی۔

ساتھ ہی اداکارہ نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ شاید فہد مصطفیٰ نے بھی اپنے ہی جیسی ماں کے لیے انہیں کاسٹ کیا۔

بشریٰ انصاری نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ فہد مصطفیٰ نے اپنے جیسی ماں کے لیے انہیں کاسٹ کیا جب کہ باپ یعنی جاوید شیخ کو عماد عرفانی جیسا ہونے کی وجہ سے کاسٹ کیا۔

خیال رہے کہ عتیقہ اوڈھو نے 2012 میں ریلیز ہونے والے ڈرامے ’ہمسفر‘ میں فواد خان کی والدہ کا کردار ادا کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 15 مارچ 2025
کارٹون : 14 مارچ 2025