برطانیہ: زیادتی کے بعد سابق گرل فرینڈ کو بہن اور ماں سمیت قتل کرنیوالے ریٹائر فوجی کو عمر قید
برطانیہ کی عدالت نے زیادتی کے بعد گرل فرینڈ کو اس کی بہن اور ماں سمیت قتل کرنے سابق فوجی کو عمر قید کی سزا سنا دی۔
ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق 26 سالہ کائل کلفورڈ کو بی بی سی کے اسپورٹس کمنٹیٹر کی اہلیہ 61 سالہ کیرول ہنٹ اور ان کی 2 بیٹیوں 25 سالہ لوئیس اور 28 سالہ حانا کے ’وحشیانہ اور بزدلانہ‘ تہرے قتل کے الزام میں عمر قید کی سزا سنائی گئی۔
جج جوئل بینتھن نے کلفورڈ کی غیر موجودگی میں یہ سزا اس وقت سنائی جب انہوں نے مشرقی انگلینڈ کی کیمبرج کراؤن کورٹ میں سماعت میں شرکت سے انکار کر دیا تھا۔
جج نے ملزم کے حوالے سے قرار دیا کہ ’میں نے جو ثبوت سنے، ظاہر ہوتا ہے کہ آپ حسد کرنے والے شخص ہو، جو خود رحمی میں ڈوبا ہوا ہے، جو خواتین کو انتہائی حقارت کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔‘
کلفورڈ نے قتل کے 3 الزامات، جھوٹی قید اور 2 جارحانہ ہتھیار رکھنے کے الزامات کا اعتراف کیا تھا، اسے گزشتہ ہفتے اپنی سابق گرل فرینڈ لوئس ہنٹ کے ساتھ ریپ کرنے کا مجرم پایا گیا تھا، جس کے بارے میں عدالت کو بتایا گیا تھا کہ وہ اس سے علیحدگی اختیار کرنے کے بعد ’غصے‘ میں تھا۔
کلفورڈ نے جولائی 2024 میں لندن کے شمال مغرب میں ان کے گھر پر 3 خواتین پر حملے کی منصوبہ بندی کئی دنوں تک کی، جس میں گھوڑوں کی دوڑ کے مبصر جان ہنٹ کی حرکات و سکنات پر نظر رکھنا بھی شامل تھا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ کلفورڈ نے کیرول ہنٹ کو چاقو مار کر ہلاک کیا، پھر ایک گھنٹہ انتظار کے بعد لوئس گھر پہنچی تو اسے باندھ کر ریپ کیا، پھر کمان سے وار کرکے قتل کر دیا، اس کے بعد جیسے ہی حانا کام سے گھر واپس آئی تو اسے بھی قتل کر دیا۔
سزا سنائے جانے سے قبل جان ہنٹ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے متاثرہ شخص کو ’کائل کے ساتھ آنکھ میں آنکھ ڈال کر‘ بیان دینا چاہتے تھے۔
جان ہنٹ نے عدالت کو بتایا کہ میں نے اپنے آپ کو چیلنج کیا کہ ’تم سب کو دھوکا دینے میں کیسے کامیاب ہوئے؟‘ تو میں نے خود کو جواب دیا کہ ’تم ایک نفسیاتی مریض ہوں، جس نے لوئس کے سامنے خود کو ایک عام انسان کے طور پر پیش کرنے میں کامیابی حاصل کی‘۔
انہوں نے کہا کہ ’مجھے امید ہے کہ دنیا بھر کی خواتین لوئس کی بہادری کو اپنی زندگیوں کے لیے مشعل راہ کے طور پر لیں گی۔‘