• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

کہاں گیا رومانس؟

شائع September 25, 2013

A man cries next to the coffin of his relative, who was killed in a suicide blast at a church, in Peshawar
اتوار کے روز پشاور چرچ میں ہونے والے خود کش حملے میں ہلاک ہونے والے ایک شخص کے جنازے پر رشتےدار غم سے نڈھال ہیں -- فائل فوٹو

پشاور کا قصہ خوانی بازار اور زود ہضم پانی

وہ بھی ایک دور تھا جب ہم اپنی جوانی میں جینز کے ساتھ عمران خان صاحب کی طرح پشاوری چپل پہن کر گھوما کرتے تھے۔ والد ائیر فورس کے ملازم تھے پینسٹھ اور اکہتر کی جنگ میں ان کی پوسٹنگ پشاور میں تھی، لہذا بچپن میں والدہ کی زبانی پشاور کے قصہ خوانی بازار کی کہانیاں سنا کرتے تھے کہ لوگ جیب میں پیسے نہ ہونے کے باوجود چپلی کبابوں کی خوشبو سونگھنے قصہ خوانی بازار پہنچ جایا کرتے تھے۔

آج آپ کو خون اور  انسانی اعضا کی خوشبو سونگھنی ہے تو صدیوں پرانے قصہ خوانی بازار چلے جائیں۔

والدہ بتاتی تھیں کہ پورے پشاور میں صبح صبح ماشکی حضرات اپنی اپنی مشکوں میں پانی بھر کر سڑکوں پر نکل آتے تھے اور پورے شہر کی سڑکیں دھویا کرتے تھے۔ پشاور کا پانی جو اپنی زود ہضمی کے لئے مشہور تھا کہ بندہ پشاور میں تین کے بجائے پانچ مرتبہ کھاتا ہے، اب بے اثرہو گیا ہے۔

کوئی ان ماشکیوں کو بلائے ان سے وہ خون کے دھبے دھلوائے جو پشاور شہر اور قصہ خوانی بازار میں جم کر رہ گیا ہے۔ خون پھر خون ہے ٹپکے گا تو جم جائے گا۔ میرے شاعر مجھے یہ تو بتادے یہ ظلم اب اور کتنا بڑھے گا، تو تو کہتا آیا ہے کہ مٹ جائے گا۔

آلودہ روحیں کون صاف کرے؟

اسی سے زاید افراد ایک لمحہ میں لقمہ اجل بن گئے اور سو سے زیادہ زخمی۔ اس بار پھر ہدف پاکستان کی ایک اور پرامن اور سلجھی ہوئی کمیونٹی تھی۔ اس کمیونٹی کے زیادہ تر افراد میڈیکل کے شعبے سے وابستہ ہوتے ہیں اور دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہوتے ہیں۔

جب ہم بیمار ہوتے ہیں تو یہی لوگ ہمیں پھولوں کی طرح رکھتے ہیں، ہماری گندگی صاف کرنے میں مدد کرتے ہیں لیکن جن کی روحیں آلودہ ہوگئیں ہوں انہیں کیسے صاف کیا جائے؟

خیبر پختون خواہ میں اب عمران خان صاحب کی تحریک انصاف کی حکومت ہے، جو طالبان دوست نہیں تو ہمدرد ضرور ہیں اور توقع یہ کی جارہی تھی کہ طالبان صوبے میں چھوٹی موٹی کارروائیاں تو کرتے رہیں گے لیکن بڑی کارروائی سے شاید باز رہیں اور خان کی ہمدردی کا جواب ہمدردی سے دیں گے۔ لگتا ہے خان صاحب کی ہمدردی کا کوئی خاطر خواہ نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔

کہاں گیا رومانس؟

خان صاحب قبائلی علاقوں کے لوگوں کے رومانس میں کافی عرصے سے مبتلا ہیں، یہ وہی تھے جنہوں نے ہم نوجوانوں کو جینز پر پشاوری چپل پہننا سکھائی تھی۔ لیکن نوجوانی کا رومانس عملی زندگی میں آکر خوفناک حقیقت کا روپ دھار لیتا ہے۔ خان صاحب ابھی تک اپنی جوانی میں پھنسے دکھائی دیتے ہیں۔

پچاس اور ساٹھ کی دہائیوں میں کراچی دنیا کے خوبصورت ترین شہروں میں شمار ہوتا تھا۔ کراچی کے علاقے صدر میں غیر ملکی چہل قدمی کرتے تھے۔ آج اسی صدر کا یہ حال ہے کہ گاڑی تو کیا پیدل چلنا محال ہے، چور، جیب کتروں اور ٹھگوں کا اڈہ بن چکا ہے، غیر ملکی تو کیا آج ہماری مائیں بہنیں وہاں جانے کا سوچتی بھی نہیں ہیں۔ رومانس ختم ہوچکا ہے۔

ہمیں پتا ہے کہ ان چوروں، ڈاکوؤں اور لٹیروں سے ہمیں کیسے نمٹنا ہے؟ ہماری جیبوں کی طرف بڑھتے ہاتھ کو کیسے مروڑنا ہے؟

خان صاحب، آپ ہمیں صرف یہ بتا دیں کہ ہمارا جرم کیا ہے؟ اگر امریکہ کی جنگ میں حکمرانوں نے ان کا ساتھ دیا تو اس میں میرا کیا قصور؟ کیا میں دائرہ اسلام سے خارج ہوگی اور واجب القتل ٹھہرا؟ ڈرون حملوں میں مرنے والے تو پھر دہشت گردوں کو پناہ دینے کے جرم کے مرتکب ہوتے ہیں۔ کوہاٹی گیٹ میں ہلاک ہونے والوں کا جرم یہ تھا کہ وہ مریضوں کی تیمارداری کرتے ہیں۔ بچوں کو بغیر کسی تعصب کے بہتریں تعلیم دیتے ہیں؟ آپ کیوں کوئی ریلی نہیں نکالتے جو طالبان تک جائےاور ان سے پوچھے کہ وہ پاکستان کے ایک عام شہری کو حکمرانوں کے غلط فیصلوں کی سزا کیوں دے رہے ہیں؟

کراچی کی مشہور پشاوری آٰیس کریم

جس دن پشاور کے چرچ میں یہ خون کی ہولی کھیلی گئی، کراچی کے پوش اور مارڈرن ایریاز میں امیریکن سٹیک کھانے والوں میں کوئی کمی نہیں ہوئی، وہاں پر ان کے سوگ میں کسی نے کالا کپڑا نہیں پہنا، قصہ خوانی بازار میں گرنے والی خون کی چھینٹیں اب تک کراچی نہیں پہنچیں، جیسے ایک زمانے میں یہاں بہنے والے خون کی چھینٹیں پشاور نہیں پہنچتی تھیں۔ بس ایک کراچی کی مشہور پشاوری آٰیس کریم ہے جو انسانوں سے انسانوں کے تعلق کی واحد نشانی رہ گیی ہے۔ سے کھاتے ہویے ان میں سے کسی کو بھی کسی دوسرے شہر میں مر جانے والوں بدبو نہیں آتی۔

خان صاحب کیا آپ کو کبھی سٹیک میں سے کسی معصوم مرنے والے کی خوشبو آیی؟


Khurram-abbas-blogs-80 خرم عباس ایک ڈرامہ نگار ہیں اور کراچی کی دنیا ان کا خاص موضوع ہے

خرم عباس
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Kashan Kashif Sep 25, 2013 09:48am
بہت اعلیٰ خرم صاحب، اگر اس مضمون کو پڑھنے کے بعد یقینآ اسٹیک کھانے والے لوگوں‌کو تھوڑی شرم آئے اور وہ بھی پشاوری آئسکریم کی جانب چند قدم بڑھائیں، لیکن محبت پیدا کرنے کے لیے ضروری صرف اتنا ہے کہ کلفٹن پُل کے دوسری جانب بسنے والے دوسری جانب کی محرومیوں‌کو بھی دیکھیں، انسان صرف مہنگی گاڑیوں‌میں‌گھومنے والے ہی نہیں وہ بھی اسی طرح‌کے انسان ہیں‌جو سائیکل پر سوار ہوتے ہیں.. آپ اس مضمون سے اگر خان صاحب کو جگانا چاہتے ہیں‌تو میرے خیال میں‌آپ ایک ناکام کوشش کر رہے ہیں، انھوں‌نے تو81لاشوں‌کو صرف یہ کہہ کر بہا دیا کہ یہ 211واں‌حملہ تھا اور210پچھلی حکومت میں‌ہوئے.. ہمارے ہاں‌بدقسمتی سے صرف یہی کھیل چل رہا ہے.. ہم دھماکے کے پیچھے کے پیغام کو نہیں‌صرف دھماکوں‌کو تعداد کو اہمیت دیتے ہیں. لاشیں‌تو گرتی رہتی ہیں‌......... جیسے خان صاحب کے بلنگ و بانگ دعوے صرف اور صرف باتیں‌ہی رہ گئے.

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024