• KHI: Asr 5:04pm Maghrib 6:53pm
  • LHR: Asr 4:39pm Maghrib 6:29pm
  • ISB: Asr 4:45pm Maghrib 6:36pm
  • KHI: Asr 5:04pm Maghrib 6:53pm
  • LHR: Asr 4:39pm Maghrib 6:29pm
  • ISB: Asr 4:45pm Maghrib 6:36pm

’مجھ پر صرف الزامات ہیں‘، ساحر حسن کو جیل بھیج دیا گیا

شائع February 25, 2025
پولیس نے ملزم ساحر کو 22 فروری 2025 کو کراچی کے علاقے ڈیفنس سے گرفتار کیا گیا تھا — فائل فوٹو: ڈان نیوز
پولیس نے ملزم ساحر کو 22 فروری 2025 کو کراچی کے علاقے ڈیفنس سے گرفتار کیا گیا تھا — فائل فوٹو: ڈان نیوز

کراچی کی سینٹرل جیل کے جوڈیشل کمپلیکس میں واقع جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے معروف اداکار کے بیٹے اداکار ساحر حسن کو منشیات برآمدگی کیس میں جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر جیل بھیج دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق مصطفیٰ عامر قتل کیس کی تفتیش کے دوران منشیات ریکٹ کے بارے میں انکشاف ہونے کے بعد گرفتار ملزم ساحر حسن کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت نے ملزم ساحر حسن سے منشیات برآمدگی کے مقدمے میں اسپیشلائزڈ انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) کی جانب سے جسمانی ریمانڈ میں مزید توسیع کی استدعا مسترد کر دی اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو مقدے کا چالان پیش کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔

پیشی کے موقع پر ملزم ساحر حسن نے کہا کہ معاملہ عدالت میں ہے، کچھ نہیں کہوں گا، جو بھی ہے وہ عدالت میں ثابت ہوجائے گا، ابھی تک میرے خلاف صرف الزامات ہیں، کچھ بھی ثابت نہیں ہوا ہے۔

واضح رہے کہ پولیس کی جانب سے 22 فروری 2025 کو کراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی سے معروف ادکار کے بیٹے اور نوجوان اداکار کو گرفتار کیا گیا تھا، جب کہ اس کے قبضے سے منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) سی آئی اے مقدس حیدر نے بتایا تھا کہ نوجوان مصطفیٰ عامر کے حالیہ قتل کے بعد ڈی ایچ اے میں کریک ڈاؤن جاری ہے، جب کہ ایک نوجوان اداکار کو گرفتار کیا ہے اور اس کی تحویل سے منشیات برآمد ہوئی ہے۔

ڈی آئی جی مقدس حیدر نے وضاحت کی تھی کہ ساحر حسن کو مصطفیٰ عامر قتل کیس کے سلسلے میں گرفتار نہیں کیا گیا، بلکہ اس کیس کے بعد منشیات کے خلاف مہم کے دوران حراست میں لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ایسے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا جو پوش علاقوں میں پارٹیوں اور تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فراہم کرنے میں ملوث ہیں۔

مقدس حیدر کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کی جا رہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 11 اپریل 2025
کارٹون : 10 اپریل 2025