وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر کی ملاقات کا اعلامیہ جاری
وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق شہباز شریف اور رجب طیب اردوان کی وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات ہوئی، ترک صدر کی آمد پر وزیراعظم نے پرتپاک استقبال کیا جب کہ ترک صدر نے گارڈ آف آنر، لڑاکا طیاروں کے فلائی پاسٹ کا معائنہ کیا اور وزیراعظم ہاؤس آمد پر احاطے میں یادگاری پودا لگایا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیراعظم اور ترک صدر کا دو طرفہ تعلقات، عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، پاک ترک رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے مثبت انداز پر اطمینان کا اظہار کیا جب کہ پاک ترک رہنماؤں نے تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم اور ترک صدر کی زیر صدارت اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل کا اجلاس ہوا، آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت کی جب کہ اجلاس میں مختلف شعبوں کی قائمہ کمیٹیوں کی پیش رفت رپورٹ پیش کی گئیں۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے اعلامیہ میں کہا گیا کہ صحت اور آئی ٹی کی 2 نئی مشترکہ قائمہ کمیٹیوں نے بھی رپورٹ پیش کی، وزیراعظم نے پاک ترک اقتصادی تعاون کو مزید گہرا کرنے کی ضرورت پر زور دیا جب کہ وزیراعظم نے ترک کمپنیوں کو ملک کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔
وزیراعظم نے تنازع کشمیر پر ترک صدر کے اصولی مؤقف پر شکریہ ادا کیا اور ترکیہ کے بنیادی مسائل پر پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔
علاوہ ازیں، پاک ترک رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال میں حالیہ پیش رفت پربھی تبادلہ خیال کیا، پاک ترک رہنماؤں نے فلسطینی عوام کے ساتھ غیرمتزلزل یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ پاک ترک رہنماؤں نے 24 مفاہمتی یادداشتوں، معاہدوں کے تبادلوں کا مشاہدہ کیا۔