کراچی: ڈمپرز مافیا کے خلاف اب سڑکوں پر نکلوں گا، گورنر سندھ
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ ڈمپرز مافیا کے خلاف سڑکوں پر نکلنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے اراکین بھی میدان میں آئیں جب کہ ٹریفک پولیس مشاورت کرلیں تو حادثات نہیں ہوں گے اور میری تجاویز پر عمل کرلیں تو نتائج سامنے آجائیں گے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ کراچی میں افغانستان سے ڈمپر منگواکر چلائے جارہے ہیں، ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور آئی جی کوخط لکھ چکا ہوں، اب وزیراعلی سندھ کو بھی خط لکھوں گا، میرا مقصد تنقید نہیں تصیح کرنا ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ ٹریفک حادثے میں غفلت کے مرتکب ٹریفک پولیس اہلکاروں کو گرفتار کیا گیا؟
گورنر سندھ نے اعلان کیا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر ہیوی ٹریفک کے لیے ممنوع اوقات کے دوران کراچی میں نکلیں گے اور ٹینکرز اور ٹرالرزکو روکیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے وزرا بھی میدان بھی آئیں اور اس حوالے سے اقدامات اٹھائیں، انہوں نے تجویز دی کہ اگر میری باتوں پرعمل کیا جائے تو شہر میں ڈمپر سے ہونے والے حادثات رک سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 2 سال سے گورنر ہاؤس میں عوام کی آمدو رفت جاری ہے، گوررنر ہاؤس میں آنے والوں کی تعداد میں روزانہ اضافہ ہورہا ہے جب کہ 9 لاکھ سے زائد افراد کو راشن دے چکے ہیں اور افطار میں 10 لاکھ سے زائد شہری شرکت کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اتحاد رمضان پروگرام لوگوں میں اتحاد، بھائی چارگی کا پیغام ہوگا، ماہ صیام میں حسن قرات، بچوں کی روزہ کشائی کا اہتمام ہوگا، شہدا کے اہل خانہ کو بلاکر ان کا پروگرام منعقد کروائیں گے جب کہ ماہ صیام میں لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور دیگر قرعہ اندازی کے زریعے انعامات دیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ آج کراچی کے علاقے کورنگی ابراہیم حیدری سے کراسنگ جاتے ہوئے تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا جس کے نتیجے میں 3 نوجوان جاں بحق ہوگئے۔
حالیہ کچھ عرصے سے کراچی میں تیز رفتار ڈمپرز اور واٹر ٹینکرز کی وجہ سے موٹرسائیکل سواروں اور کار سوار شہریوں کو کچلنے کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
5 فروری کو گلستان جوہر میں راشد منہاس روڈ پر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے کچرا اٹھانے والے ٹرک نے متعدد گاڑیوں کو ٹکر مار دی تھی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔