• KHI: Fajr 5:28am Sunrise 6:44am
  • LHR: Fajr 4:56am Sunrise 6:17am
  • ISB: Fajr 5:00am Sunrise 6:22am
  • KHI: Fajr 5:28am Sunrise 6:44am
  • LHR: Fajr 4:56am Sunrise 6:17am
  • ISB: Fajr 5:00am Sunrise 6:22am

پاکستانی شیف مریم اشتیاق امریکی شو ’نیکسٹ لیول شیف‘ میں نظر آئیں گی

شائع February 1, 2025
—فائل فوٹو: مریم اشتیاق انسٹاگرام
—فائل فوٹو: مریم اشتیاق انسٹاگرام

پاکستانی نژاد امریکی شیف اور کانٹینٹ کریئٹر مریم اشتیاق امریکی ریئلٹی شو ’نیکسٹ لیول شیف سیزن 4 ’میں نظر آئیں گی۔

امریکی رئیلٹی شو میں حصہ لینے کے حوالے سے پاکستانی نژاد امریکی شیف نے انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا۔

رواں ماہ 13 فروری سے شروع ہونے والے اس شو کے جج امریکی شیف نیشا آرنگٹن، ٹاپ شیف: آل اسٹارز کے فاتح رچرڈ بلائس اور گورڈن رامسے ہوں گے۔

پاکسانی نژاد شیف نے رواں ہفتے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے آگاہ کیا کہ وہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنے جا رہی ہیں۔

انسٹاگرام کی ایک پوسٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے مسلسل اپنے خوابوں کی تکمیل کے لیے اپنے کیریئر میں بہت محنت کی ہے۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ہر کسی کو اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کا موقع نہیں ملتا، تاہم میں یہ موقع ملنے پر ناقابل یقین حد تک شکر گزار ہوں۔

انہوں نے فرط جذبات میں لکھا کہ ’میری دنیا بدلنے والی ہے‘

انہوں نے بین الاقوامی سطح پر اپنی کمیونٹی کی نمائندگی کرنے کا موقع ملنے کو خوش قسمتی قرار دیتے ہوئے لکھا کہ اس سےزیادہ خوشی کی بات اور کیا ہو سکتی ہے کہ آپ کو اتنے بڑی پلیٹ فارم پر وہ کرنے کا موقع ملے جو آپ کو سب سے زیادہ پسند ہے۔

ایک اور پوسٹ میں ان کا اپنے فالوورز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میرے اندر کی چھوٹی بچی ہمیشہ اپنی کامیابیوں پر فخر کرتی ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ میں اپنے اس سفر میں آپ سب کے پیار،غیر متزلزل ساتھ اور محبت کی بےحد ممنون ہوں، آپ کا ہر کمنٹ، ہر شیئر میرے دل کے بہت قریب اور بےحد اہم ہے۔

بعدازاں انہوں نے اپنے کانٹینٹ تخلیق کرنے کے سفر سے متعلق بات کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے سے اکثر یہ سوال پوچھا جاتا ہے کہ میں یہاں تک کیسے پہنچی، جس کا سادہ سا جواب بس یہی ہے کہ میری ہر دن کچھ سیکھنے کی لگن، کچھ کر دکھانے کے جذبے اور مشاہداتی رویے نے مجھے یہاں تک پہنچایا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب میں زندگی میں کسی ہدف کا تعین کرلیتی ہوں، تو پھر پوری توجہ اس پر لگا دیتی ہوں، پھر کوئی مجھے اس سے بھٹکا نہیں سکتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ترقی وہی کرتے ہیں، جن میں ترقی کرنے آگے بڑھنے کی لگن اور صلاحیت ہو۔

مریم اشتیاق نے لکھا کہ کامیابی اور اپنے مقاصد کا حصول کبھی آسان نہیں ہوتا،جسے حاصل کرنے کے لیے چھوٹے چھوٹے سنگ میل عبور کرنے پڑتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر تجربے نے مجھے اپنا کاروبار بنانے اور کھانا پکانے کے اپنے شوق کو آگے بڑھانے میں مدد دی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر آپ اپنے سفر کا دوسروں سے موازنہ کریں گے تو کبھی آگے نہیں بڑھ پائیں گے، کسی اور کی کامیابیوں پر توجہ مرکوز کرنے سے آپ کا راستہ آسان نہیں ہو سکتا۔

یاد رہے کہ ’نیکسٹ لیول شیف‘ کا سیزن 4، رواں ماہ سے شروع ہونے والا ہے، پروگرام میں امریکا میں مقیم دنیا کے مختلف ممالک کے ایسے افراد شریک ہوتے ہیں جنہیں غذائیں تیار کرنے کا شوق ہوتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 11 مارچ 2025
کارٹون : 10 مارچ 2025