شاداب خان نے اداکاراؤں کے کرکٹرز سے متعلق دعووں پر لب کشائی کردی
پاکستانی کرکٹر شاداب خان نے اداکاراؤں اور ٹک ٹاکرز کی جانب سے کرکٹرز سے متعلق کیے جانے والے دعووں پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو میسیج کرنا بری بات نہیں۔
شاداب خان نے حال ہی میں ’ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کرکٹ سمیت دوسرے معاملات پر بھی کھل کر بات کی۔
پروگرام کے دوران ان سے سوال کیا گیا کہ کیا واقعی کرکٹرز اداکاراؤں اور ٹک ٹاکرز کو سوشل میڈیا پر میسیجز بھیجتے ہیں یا پھر وہ ایسے ہی بے بنیاد دعوے کرتی ہیں؟
اس پر شاداب خان نے کہا کہ کہا کہ اگر کوئی کرکٹر کسی اداکارہ یا ٹک ٹاکر کو میسیج بھی کرتا ہے تو اس میں کوئی بری بات نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر اداکاراؤں کو میسیجز ملتے ہیں اور انہیں وہ پسند نہیں تو اس کا جواب ہی نہ دیا کریں۔
انہوں نے کہا کہ اگر اداکارائیں ملنے والے جواب کا میسیج نہیں دیں گی تو انہیں دوبارہ میسیج نہیں جائے گا لیکن اگر وہ جواب دیں گی اور پھر یہ بھی خواہش رکھیں گی کہ انہیں جواب بھی ملے اور یہ بھی کہیں کہ انہیں میسیجز نہ کیے جائیں تو ایسا نہیں ہوگا۔
شاداب خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے چند اداکاراؤں کی ویڈیوز دیکھی ہیں، جن میں وہ بہت زیادہ دعوے کرتی ہیں لیکن ایسا نہیں ہوتا ہوگا، بعض اداکارائیں بڑھا چڑھا کر باتیں پیش کرتی ہیں۔
ان کے مطابق بعض چیزیں شہرت حاصل کرنے کے لیے بھی کی جاتی ہیں اور خاص طور پر جب کوئی کرکٹ ٹورنامنٹ چل رہا ہو تو ایسی باتیں کرنا شہرت حاصل کرنے کا ایک قدم ہوتا ہے۔
شاداب خان نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ ٹیم میں جھگڑا نہیں ہوتا کہ اداکاراؤں کو کس نے میسیج کیا تھا البتہ ہر کوئی ایک دوسرے سے پوچھتا ہے کہ کس نے میسیج کیا تھا؟
شاداب خان نے اداکاراؤں اور ٹک ٹاکرز کے دعوے پر بات کرتے ہوئے کسی کا نام نہیں لیا۔
ان سے قبل ٹک ٹاکر شاہ تاج خان نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی شاداب خان سے دوستی رہی ہے، دونوں سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کو میسیجز کیا کرتے تھے۔
ٹک ٹاکر سے قبل نوال سعید اور مومنہ اقبال جیسی اداکارائیں بھی دعویٰ کر چکی ہیں کہ انہیں کرکٹرز بہت میسیجز کرتے رہے ہیں۔