وزیراعظم کا عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کو 20 ارب ڈالر دینے کے وعدے کا خیر مقدم
وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کو 20 ارب ڈالر دینے کے وعدے کا خیر مقدم کیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عالمی بینک کے پاکستان کے لیے پہلے 10 سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت 20 ارب ڈالر دینے کا وعدہ لائق تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک کی جانب سے ملنے والی خطیر رقم بچوں کی غذائیت، معیاری تعلیم، صاف توانائی، ماحولیات، جامع ترقی اور نجی سرمایہ کاری سمیت 6 اہم شعبوں پر توجہ مرکوز کرنے میں مدد دے گی۔
واضح رہے کہ عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 10 سالہ کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک کی منظوری دی ہے۔
اس 10 سالہ فریم ورک کے تحت عالمی بینک پاکستان کو مجموعی طور پر 40 ارب ڈالرز فراہم کرے گا۔
ذرائع کے مطابق اس پروگرام کے تحت ایک کروڑ 20 لاکھ طلبہ کو معیاری تعلیم اور 5 کروڑ افراد کو صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، سی پی ایف میں 6 کروڑ افراد کو صاف پانی اور صفائی ستھرائی کی سہولیات فراہم کرنا بھی شامل ہے۔
3 کروڑ افراد کے لیے غذائی تحفظ کو مضبوط، 3 کروڑ خواتین تک مانع حمل کی رسائی کو بڑھانے جیسے اہداف بھی پروگرام کا حصہ ہیں، سیلاب اور دیگر آفات اور خطرات سے نمٹنے کے لیے اہداف مقرر کیے گئے ہیں، جن سے ساڑھے 7 کروڑ افراد مستفید ہوں گے۔
10 سالہ کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک کی منظوری کے لیے 24 میں سے 19 ڈائریکٹرز نے پاکستان کے حق میں ووٹ دیا تھا۔