شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 4 خوارج ہلاک
سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 4 خوارج ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، خارجی سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں مزید خوارج کے خاتمے کے لیے آپریشن کلین اپ جاری ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے ناسور کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے 2 مختلف آپریشنز کے دوران 8 خارجیوں کو ہلاک کردیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ٹانک میں خارجیوں کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا تھا جس میں 6 خارجی مارے گئے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دوسرا آپریشن ضلع خیبر کی تیراہ وادی میں کیا جس میں 2 خارجیوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔