بھارتی کپتان روہت شرما کا چیمپئنز ٹرافی سے قبل پاکستان آنے کا امکان
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 سے قبل فوٹو شوٹ کے لیے پاکستان آسکتے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اگر روہت شرما کا پاکستان جانے کا حتمی فیصلہ ہوجاتا ہے تو کئی سالوں بعد وہ کسی بھی انٹرنیشنل ایونٹ کے لیے پاکستان کا دورہ کرنے والے بھارتی کھلاڑی ہوں گے۔
منی ورلڈکپ کے نام سے مشہور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز 19 فروری سے پاکستان میں ہو رہا ہے جبکہ بھارت اپنا پہلا میچ 20 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف دبئی میں کھیلے گا۔
پاکستان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت ہائبرڈ ماڈل پر رضامندی ظاہر کی تھی، جس کے تحت پاکستان اور بھارت کے درمیان 2027 تک تمام انٹرنیشنل ایونٹ نیوٹرل وینیو پر ہوں گے، لہذا چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے بھارت کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق کسی بھی آئی سی سی ایونٹ سے پہلے میزبان ملک میں ایک فوٹو شوٹ ہوتا ہے، جس کا مقصد ایونٹ کی تشہیر کرنا ہوتا ہے اور اس فوٹو شوٹ میں ٹورنامنٹ میں شریک تمام ٹیموں کے کپتان شامل ہوتے ہیں۔
روہت شرما کا پاکستان کا ممکنہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اور کرکٹ کشیدگی کے پیش نظر قابل ذکر ہے کیوں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ تعلقات گزشتہ کئی برسوں سے انتہائی محدود رہے ہیں اور دونوں ممالک صرف آئی سی سی ایونٹس میں مدمقابل آتے ہیں۔
تاہم، فوٹو شوٹ کے لیے بھارتی کپتان کا پاکستان کا دورہ کرنا ان کشیدہ تعلقات میں بہتری کی جانب ایک قدم ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی 2025 کی صورت میں آئی سی سی کے کسی بڑے ایونٹ کی میزبانی ملی ہے، جس کے تمام میچز اگلے سال 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
بھارت نے ایشیا کپ 2008 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا، جبکہ 13-2012 میں پاکستان کے دورہ بھارت کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز بھی نہیں کھیلی گئی ہے۔
گزشتہ سال بھی ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی تھی لیکن بھارت نے پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا تھا جس کے بعد ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کے تمام میچز سری لنکا میں شیڈول کیے گئے تھے، جہاں کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے آسانی سے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا تھا۔
پاکستان اس چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شریک ہوگا، آخری بار چیمپئنز ٹرافی 2017 میں ہوئی تھی جو پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں جیتی تھی۔