• KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:19am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:19am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am

لاہور ہائیکورٹ: عمران خان کی 9 مئی سے متعلق 7 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر اعتراض دور

شائع January 13, 2025
— فائل فوٹو: ڈان
— فائل فوٹو: ڈان

لاہور ہائی کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان کی 9 مئی کے 8 مقدمات میں 7 درخواست ضمانتوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کالعدم قرار دیکر نمبر لگانے کی ہدایت کردی۔

ڈان نیوز کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے درخواستوں پر سماعت کی۔

عمران خان کی جانب سے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔

عمران خان نے جناح ہاؤس حملہ کیس دیگر مقدمات میں درخواست ضمانتیں دائر کیں۔

درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ 9 مئی والے دن اسلام آباد میں نیب کی تحویل میں تھا، سیاسی انتقام کے لیے سازش کا الزام کا لگا مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ 2 سال سے مقدمات کا سامنا کر رہا ہوں، انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے، لہذا لاہور ہائی کورٹ 8 مقدمات میں ضمانت منظور کر کے رہائی کا حکم دے۔

دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے بتایا کہ رجسٹرار آفس نے 7 درخواستوں پر صرف ایک جیسا اعتراض کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے انگوٹھے کا نشان نہیں ہے، آٹھویں درخواست پر اعتراض تھا کہ عدت کیس کی مصدقہ کاپی ساتھ لف نہیں کی۔

سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ میں اگلی سماعت پر نیا بیان حلفی بھی جمع کروا دوں گا۔

عدالت نے عمران خان کی 9 مئی کے 8 مقدمات میں 7 درخواست ضمانتوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کالعدم قرار دیکر رجسٹرار آفس کو نمبرلگانے کی ہدایت کردی۔

چیف جسٹس نے ایک مقدمے میں رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے عدت کیس کے فیصلے کی مصدقہ کاپی بھی ساتھ لگانے کا حکم دیدیا۔

خیال رہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے دو روز قبل 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

بانی پی ٹی آئی نے جناح ہاؤس حملہ کیس سمیت دیگر مقدمات میں درخواست ضمانت دائر کی، انہوں نے وکیل کے ذریعے مؤقف اختیار کیا ہے کہ 9 مئی والے دن اسلام آباد میں نیب کی تحویل میں تھا۔

پس منظر

9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا، جس کے دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا، جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کے کارکنوں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

عمران خان کے خلاف 9 مئی کے 12 مقدمات درج ہیں، جن میں سے 4 مقدمات میں ضمانت مل چکی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 14 جنوری 2025
کارٹون : 13 جنوری 2025