عمران خان نے 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔
ڈان نیوز کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے جناح ہاؤس حملہ کیس سمیت دیگر مقدمات میں درخواست ضمانت دائر کی، انہوں نے وکیل کے ذریعے موقف اختیار کیا ہے کہ 9 مئی والے دن اسلام آباد میں نیب کی تحویل میں تھا۔
عدالت عالیہ میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ مجھے سیاسی انتقام کے لیے سازش کا الزام کا لگا مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے۔
ان کے وکیل نے موقف اپنایا کہ عمران خان 2 سال سے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں، انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائی کورٹ 8 مقدمات میں ضمانت منظور کر کے رہائی کا حکم دے۔
واضح رہے کہ لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) نے بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی 8 درخواستیں مسترد کردی تھیں، بانی پی ٹی آئی پر لاہور میں 9 مئی کے کل 12 مقدمات درج ہیں، جن میں سے 4 مقدمات میں ضمانتیں منظور ہو چکی ہیں۔
پس منظر
9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا, جس کے دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔
مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔
اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا، جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کے کارکنوں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔
عمران خان کے خلاف 9 مئی کے 12 مقدمات درج ہیں، جن میں سے 4 مقدمات میں ضمانت مل چکی ہے۔