حکومتی کمیٹی کے پاس اختیارات ہیں تو ہماری بانی سے ملاقات کرائیں، عمر ایوب
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ عمران خان سے بغیر نگرانی والے ماحول میں ملاقات کا مطالبہ کیا تھا اور حکومت نے یہ مطالبہ تسلیم بھی کیا تھا، مگر اب مکر رہی ہے کہ جیل رولز میں یہ شامل ہی نہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کے رکن اور قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے واضح کیا کہ مذاکرات کے حوالے سے ہماری صرف 3 مطالبات ہیں، حکومت نے کہا تحریری طور پر مطالبات دیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماراموقف تھا کہ عمران خان سے بغیر نگرانی والے ماحول میں ملاقات کرائی جائے جب کہ حکومتی کمیٹی نے ہمارا یہ مطالبہ تسلیم کیا تھا لیکن کافی دنوں بعد بھی ہماری بانی سے ملاقات نہیں کرائی گئی۔
عمر ایوب نے کہا کہ اب یہ خود مکر رہے ہیں کہ جیل رولز میں یہ شامل ہی نہیں ہے، ہمیں بتایا جائے کہ ان کے پاس اختیارات ہیں بھی یا نہیں، اگر ان کے پاس اختیارات ہیں تو ہماری بانی سے ملاقات کرائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو بھی کہا تھا کہ ہمارے مطالبات میٹنگ منٹس کا حصہ بنائیں۔
دوسری جانب، عمران خان سے جیل میں ملاقات کے معاملے پر پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی اور جیل حکام کے درمیان کشمکش جاری ہے، گزشتہ ملاقات کے روز بھی مذاکراتی کمیٹی اور جیل حکام کے درمیان رابطوں کا فقدان رہا۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ جیل حکام بلائیں گے تو ہم جیل آئیں گے۔
جیل ذرائع کا موقف ہے جب تک کوئی ملاقات کے لیے جیل نہیں آتا تو اجازت کس کو دیں، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے تاحال کوئی رہنما، وکیل یا فیملی ممبران جیل نہیں آئے۔