الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے خلاف ریفرنس خارج کردیا
الیکشن کمیشن (ای سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے خلاف ریفرنس خارج کرتے ہوئے انہیں اہل قرار دے دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ای سی پی نے سینیٹر شہادت اعوان کا ریفرنس خارج کرتے ہوئے محفوظ فیصلہ سنایا اور پی ٹی آئی رہنما کو ٹیکنوکریٹ نشست کے لیے اہل قرار دیا۔
سینیٹر شہادت اعوان اور ماجد محمود نے سینیٹر سیف اللہ ابڑوکے خلاف نااہلی کی درخواست دائر کی تھی۔
واضح رہے کہ دو روز قبل (7 جنوری) کو ہونے والی سماعت کے دوران سیف اللہ ابڑو کے وکیل نے میٹرو بس سروس ملتان سمیت دیگر پروجیکٹ کی تکمیل کے متعلق رپورٹ بھی الیکشن کمیشن کے سامنے رکھی تھی جس پر ممبر سندھ نے ریماکس دئیے تھے کہ پھر ان کے خلاف ریفرنس کی کیا وجہ بنی؟
دوران سماعت شکایت کندہ شہادت اعوان نے دلائل دیے تھے کہ سیف اللہ ابڑو کے پاس مطلوبہ تجربہ نہیں، یہ پروجیکٹ بطور کنٹینرز کیے ہیں۔
بعد ازاں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے خلاف فیصلہ محفوظ کیا تھا۔