• KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am

تاحال شادی نہ کرنے کا پچھتاوا نہیں، اتنا زیادہ مسئلہ نہیں ہوتا، نوین نقوی

شائع January 8, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

سابق صحافی، ماڈل، ویڈیو جوکی (وی جے) اور اداکارہ نوین نقوی نے کہا ہے کہ تاحال رشتہ ادواج سے منسلک نہ ہونے پر انہیں کوئی پچھتاوا نہیں اور نہ ہی ان کے ساتھ اتنا زیادہ مسئلہ ہوتا ہے۔

نوین نقوی نے حال ہی میں ’فوچیا میگزین‘ کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے اپنی زندگی سمیت کیریئر پر کھل کر بات کی۔

پروگرام کے دوران انہوں نے بتایا کہ ان کی پیدائش صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ہوئی، تاہم ان کے بچپن کا کچھ عرصہ سعودی عرب میں گزرا۔

ان کے مطابق سعودی عرب میں کچھ عرصہ گزارنے کے بعد وہ واپس کراچی آگئیں اور انہوں نے اے لیولز تک تعلیم حاصل کرنے کے بعد ماڈلنگ شروع کردی۔

نوین نقوی کا کہنا تھا کہ جلد ہی ماڈلنگ شروع کرنے اور پھر اداکاری کرنے کی وجہ سے انہیں مزید تعلیم کرنے کا موقع نہیں ملا اور اب انہیں ایسا محسوس نہیں ہوتا کہ وہ کم پڑھی لکھی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے بجائے 1990 سے قبل ہی نجی چینلز سے اداکاری کی شروعات کی اور پھر انڈس ٹی وی آنے کے بعد انہوں نے بطور وی جے کیریئر شروع کیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے 2000 سے قبل ہی اداکاری شروع کردی تھی اور بعد میں 2001 میں نائن الیون حملوں کے بعد انہوں نے امریکی نشریاتی ادارے ’این بی سی‘ کے ساتھ پاکستان سے صحافت کا آغاز کیا۔

نوین نقوی نے بتایا کہ این بی سی میں ان کے دوست پروڈیوسر تھے، انہوں نے انہیں کام کرنے کی پیش کش کی اور شروع میں انہوں نے بطور ٹیلی فون آپریٹر پاکستان سے کام کیا لیکن دو ماہ بعد ہی انہیں رپورٹر کے طور پر کام کرنے کا موقع دیا گیا۔

ان کے مطابق انہوں نے 2005 تک این بی سی کے ساتھ کام کیا اور پھر کچھ عرصے کے لیے انہوں نے کیریئر سے وقفہ لیا لیکن 2007 میں پاکستان کے پہلے انگریزی نیوز چینل ’ڈان نیوز‘ کے ساتھ انہوں نے بطور اینکر کام کرنا شروع کیا۔

نوین نقوی کا کہنا تھا کہ ڈان نیوز کے انگریزی سے اردو میں تبدیل ہونے کے بعد انہوں نے پھر کیریئر کو خیرباد کہا اور کافی عرصے تک امریکا اور کینیڈا میں مقیم رہیں لیکن اب دوبارہ انہوں نے اداکاری شروع کردی۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے والد نے انہیں امریکا اور کینیڈا سے واپس آنے کا کہا، کیوں کہ اب ان کے والد ضعیف العمر ہو چکے ہیں، واپس آئیں تو انہیں ڈراموں میں کام کی پیش کش ہونے لگی اور انہوں نے دوبارہ اداکاری شروع کردی۔

ایک سوال کے جواب میں نوین نقوی نے اعتراف کیا کہ ماضی کے مقابلے میں اب پاکستانی شوبز انڈسٹری میں خواتین کے لیے کافی سہولیات ہیں اور ماحول بھی اچھا ہوچکا ہے لیکن اب بھی مسائل موجود ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اب بھی مرد و خواتین کے معاوضوں میں فرق موجود ہے لیکن ماڈلنگ وہ واحد شعبہ ہے، جہاں خواتین ماڈلز کو مرد ماڈلز کے مقابلے زیادہ معاوضہ ملتا ہے۔

شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر نوین نقوی نے بتایا کہ انہوں نے تاحال شادی نہیں کی اور انہیں رشتہ ازدواج سے منسلک نہ ہونے کا کوئی پچھتاوا نہیں، وہ اپنی زندگی سے مطمئن ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ کھلی ذہنیت کی مالک ہیں، اگرچہ ابھی وہ تنہا ہیں لیکن کیا معلوم کہ کچھ عرصے بعد ان کی زندگی میں کوئی شخص آ چکا ہو۔

نوین نقوی نے کہا کہ شادی نہ کرنے کے باوجود انہیں کبھی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا، ان کے والدین اور اہل خانہ کافی مددگار ہیں جب کہ ان کے پاس انتہائی بہترین سہیلیاں بھی ہیں جو ہر مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیتی ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ سچ ہے کہ انہیں کبھی کبھار تنہائی کا احساس ہوتا ہے لیکن تنہائی کا احساس تو شادی شدہ اور تعلقات میں رہنے والے افراد کو بھی ہوتا ہے، تاہم انہیں بہت زیادہ مشکلات اور مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔

کارٹون

کارٹون : 9 جنوری 2025
کارٹون : 8 جنوری 2025