• KHI: Asr 4:23pm Maghrib 6:00pm
  • LHR: Asr 3:38pm Maghrib 5:16pm
  • ISB: Asr 3:38pm Maghrib 5:16pm
  • KHI: Asr 4:23pm Maghrib 6:00pm
  • LHR: Asr 3:38pm Maghrib 5:16pm
  • ISB: Asr 3:38pm Maghrib 5:16pm

تبت میں 7.1 شدت کا زلزلہ، 126 افراد ہلاک، 150 سے زائد زخمی، 3 ہزار گھر تباہ

شائع January 7, 2025 اپ ڈیٹ January 8, 2025
تبت میں زلزلے کے بعد تباہ ہونے والے گھروں کے مکین جمع ہیں — فوٹو: شنہوا
تبت میں زلزلے کے بعد تباہ ہونے والے گھروں کے مکین جمع ہیں — فوٹو: شنہوا

چین کے دور افتادہ ضلع تبت میں منگل کی صبح 7.1 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 126 افراد ہلاک اور 150 سے زائد زخمی ہوگئے، جبکہ 3 ہزار مکانات بھی تباہ ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں ’اے ایف پی‘ اور ’رائٹرز‘ کے مطابق تبت کے پڑوس میں نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو اور بھارت کے کچھ حصوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق تبت میں زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 126 افراد ہلاک اور 150 سے زائد زخمی ہوئے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.1 ریکارڈ کی گئی۔

چین کے زلزلہ نیٹ ورک سینٹر (سی ای این سی) کے مطابق زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی جس کی شدت نیپال کی سرحد کے قریب مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 5 منٹ پر محسوس کی گئی۔

چین کے خبر رساں ادارے ’شنہوا‘ نے علاقائی ڈیزاسٹر ریلیف ہیڈکوارٹرز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تبت کے خود مختار علاقے ژیزانگ کے شہر ژیگازے میں 6.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے نتیجے میں 53 افراد کی موت اور 62 سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔

’شنہوا‘ کے مطابق مقامی حکام زلزلے کے اثرات کا جائزہ لینے کے لیے کاؤنٹی کے مختلف ٹاؤن شپس سے رابطہ کر رہے ہیں۔

چین کے محکمہ موسمیات کے مطابق ڈنگری میں درجہ حرارت منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ (17.6 ڈگری فارن ہائیٹ) کے آس پاس ہے اور شام میں منفی 18 تک گر جائے گا۔

تبت کے علاقے میں سب سے اونچی کاؤنٹی تقریباً 62 ہزار افراد کا گھر ہے اور ماؤنٹ ایورسٹ کے چینی حصے میں واقع ہے۔

سی ای این سی نے کہا کہ اگرچہ اس خطے میں زلزلے عام ہیں، لیکن منگل کو آنے والا زلزلہ گزشتہ 5 سال میں 200 کلومیٹر کے دائرے میں ریکارڈ کیا جانے والا سب سے طاقتور زلزلہ تھا۔

’سب کچھ ہل کر رہ گیا‘

کٹھمنڈو کے علاوہ نیپال میں ایورسٹ کے قریب بلند و بالا پہاڑوں میں لوبوچے کے آس پاس کے علاقے بھی زلزلے اور ضمنی جھٹکوں سے لرز اٹھے۔

نیپال کے علاقے نامچے سے تعلق رکھنے والے سرکاری عہدیدار جگت پرساد بھوسل نے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ زلزلے کی شدت بہت زیادہ تھی، سب کچھ ہل کر رہ گیا، ہر کوئی الرٹ ہے، لیکن ہمیں اب تک کسی نقصان کے بارے میں معلوم نہیں ہے۔

چینی میڈیا کے مطابق زلزلے کے جھٹکے بھارت، بھوٹان اور بنگلہ دیش میں بھی محسوس کیے گئے۔

نیپال کے سولوخمبو ضلع کے چیف ڈسٹرکٹ افسر انوج راج گھمیرے نے کہا کہ ہم نے بہت طاقتور زلزلہ محسوس کیا، اب تک ہمیں کسی کے زخمی ہونے یا جسمانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے، ہم نے پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کو بھی نقصان کے بارے میں معلومات جمع کرنے کے لیے متحرک کیا ہے۔

’سی سی ٹی وی‘ کی رپورٹ کے مطابق زلزلے کے مرکز سے 5 کلومیٹر کے اندر چند آبادیاں موجود ہیں، جو تبت کے دارالحکومت سے 380 کلومیٹر دور ہے۔

نومبر 2023 میں شمال مغربی نیپال میں 5.6 شدت کے زلزلے میں کم از کم 138 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔

2015 میں نیپال میں 7.8 شدت کے زلزلے میں کٹھمنڈو کو شدید نقصان پہنچا تھا، اس دوران 9 ہزار افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے تھے۔

2008 میں جنوبی چین کے سچوان صوبے میں زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 70 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 9 جنوری 2025
کارٹون : 8 جنوری 2025