نیلم منیر کے ولیمے کی ویڈیوز وائرل
مقبول اداکارہ نیلم منیر کی شادی کی مختلف تقریبات کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد اب ان کے ولیمے کی ویڈیوز بھی سامنے آگئیں۔
اداکارہ نے تین جنوری کو نکاح کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنی نئی زندگی شروع کرنے کی تصدیق کی تھی۔
اس سے قبل انہوں نے اپنے مایوں کی تصاویر شیئر کی تھیں اور بتایا تھا کہ ان کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا۔
اداکارہ نے صرف شادی کی تصاویر شیئر کی تھیں، جن میں ان کے دلہے کے چہرے کو بھی واضح طور پر دیکھا گیا، تاہم انہوں نے دلہے سے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کی تھی۔
شادی کی تصاویر میں نیلم منیر کے دلہے کو عربی لباس میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی کے معروف مقام برج خلیفہ سمیت دیگر مقامات پر دلہن کے ہمراہ دیکھا گیا تھا۔
بعد ازاں انہوں نے دلہے کے ہمراہ سرخ عروسی لباس میں بھی شادی کی تصاویر شیئر کی تھی، تاہم انہوں نے دلہے کے حوالے سے کوئی معلومات فراہم نہیں کی تھی۔
اب اداکارہ کے ولیمے کی تقریب کی ویڈیوز وائرل ہوگئیں، جن میں اداکارہ سمیت ان کے دلہے کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
وائرل ہونے والی مختصر ویڈیوز میں نیلم منیر کو مہمانوں کے ہمراہ بات چیت کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ واضح نہیں ہو سکا کہ نیلم منیر کے ولیمے کی تقریب کہاں ہوئی، تاہم سوشل میڈیا پر افواہیں ہیں کہ ان کا ولیمہ بھی دبئی میں ہوا تھا۔
ادھر نیلم منیر کی شادی پر شوبز شخصیات نے انہیں مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کی جانب سے نئی زندگی شروع کرنے پر نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
اداکار نعمان حبیب نیلم منیر اور ان کے شوہر کی شادی سمیت دوسری تصاویر شیئر کرتے ہوئے انہیں نہ صرف مبارک باد پیش کی بلکہ انہوں نے اداکارہ کے شوہر کا نام بھی بتایا۔
نعمان حبیب کے مطابق نیلم منیر نے اداکار کے دوست راشد سے شادی کی لیکن انہوں نے بھی اداکارہ کے شوہر کے حوالے سے مزید کوئی معلومات نہیں دی۔