• KHI: Fajr 5:57am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:57am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am

لوئر کرم میں فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر، ایف سی اور پولیس اہلکاروں سمیت 6 زخمی، فورسز نے بگن کا محاصرہ کرلیا

شائع January 4, 2025
کرم میں فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر اور 3 راہ گیروں سمیت 6 افراد زخمی ہوئے
—فوٹو:اسکرین شاٹ
کرم میں فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر اور 3 راہ گیروں سمیت 6 افراد زخمی ہوئے —فوٹو:اسکرین شاٹ

خیبر پختونخوا کے ضلع کرم ایجنسی کے علاقے لوئر کرم میں پولیس، ایف سی پر حملے اور گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود، ایف سی اور پولیس کے 2 اہلکار اور 3 راہ گیر زخمی ہوگئے۔

ڈان نیوز کے مطابق لوئر کرم میں نا معلوم ملزمان کی جانب سے پولیس اور ایف سی پر حملہ کر دیا گیا، علاقے میں سڑکیں بحال کروانے کے لیے جانے والے ضلعی انتظامیہ کے سربراہ ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود بھی زخمی ہوگئے، جنہیں تحصیل علی زئی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

واقعے کے بعد بگن کے علاقے میں مزید نفری طلب کرکے علاقے کا محاصرہ کرلیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بگن میں فائرنگ سے ڈپٹی کمشنرسمیت 6 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں میں 3 راہ گیر، ایک ایف سی اور ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔

ڈی سی کرم جاوید اللہ محسود کو تحصیل ہسپتال کے آپریشن تھیٹر منتقل کیا گیا، جہاں سے انہیں کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) ٹل منتقل کر دیا گیا۔

بعد ازاں، مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر اور زخمی اہلکار کو ٹل سی ایم ایچ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کردیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جاوید اللہ محسود کو ضروری سرجری کے بعد پشاور منتقل کیا گیا ہے، جہاں انہیں مزید طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں جب کہ ڈپٹی کمشنر کو 3 گولیاں لگی ہے تاہم حالت خطرے سے باہر ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر امدادی سامان لانے والے ٹرکوں کے قافلے کے لیے راستے کلیئر کرانے بگن گئے تھے۔

واضح رہے کہ بگن چار خیل کے علاقے میں 21 نومبر کو مسافروں کے قافلے پر فائرنگ میں 50 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، جس کے بعد کرم ایجنسی کے علاقے اپر کرم، بگن اور پارا چنار میں حالات کشیدہ ہوگئے تھے، اس دوران فریقین کے مابین مسلح تصادم میں کئی درجن افراد جاں بحق ہوئے۔

دو روز قبل ہی خیبر پختونخوا کی حکومت اور مقامی قبائلی عمائدین کی کوششوں سے فریقین میں امن معاہدہ ہوا تھا، جس کے بعد آج صبح صوبائی حکومت نے 75 ٹرکوں میں امدادی سامان کرم کے لیے روانہ کیا تھا، ڈپٹی کمشنر اسی امدادی سامان کے قافلے کے لیے سڑکیں بحال کروانے گئے اور خود فائرنگ کا نشانہ بن گئے۔

حملہ شرپسندی، اہلسنت اور اہل تشیع پر امن رہیں، پختونخوا حکومت

خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ کرم کے لیے امدادی سامان لے کر جانے والا 75 ٹرکوں کا قافلہ ٹل کے قریب روک دیا گیا ہے، جبکہ ٹل اسکاؤٹس کے رضاکار وہاں موجود ہیں، قافلہ جلد دوبارہ کرم کے لیے روانہ ہوگا،۔

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کو علیزئی ہسپتال سے سی ایم ایچ ٹل منتقل کیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، جاوید اللہ محسود کی سرجری جاری ہے، اب حالت خطرے سے باہر ہے، میں خود زخمی ڈی سی کے ساتھ موجود ہوں، کمشنر کوہاٹ معتصم بااللہ، ڈی آئی جی اور دیگر افسران بھی موجود ہیں۔

صوبائی مشیر نے کہا کہ کرم کے حالات مکمل طور پر قابو میں ہیں، سیکورٹی اہلکاروں نے حالات کنٹرول کر رکھے ہیں، حملہ نامعلوم شرپسندوں کی مذموم سازش ہیں، اہلسنت اور اہل تشیع دونوں فریقین سے پرامن رہنے اور سازش کی زد میں نہ آنے کی اپیل کی ہے۔

عوام کے دشمن شر پسند عناصر فساد پھیلانا چاہتے ہیں، صدر زرداری

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کرم میں امن کی کوششوں کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ایک بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ شرپسند عناصر عوام کے دشمن ہیں اور فساد پھیلانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام شرپسند عناصر کو مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہونے دیں، صدر مملکت نے لوئر کرم میں فائرنگ کے نتیجے میں ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر زخمی ہونے والوں کے لیے جلد صحت یابی کی دعا کی۔

امن عمل میں خلل ڈالنے والوں کو کامیاب نہیں ہونے دینگے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے بگن میں سرکاری گاڑیوں کے قافلے پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فائرنگ کا واقعہ امن معاہدے کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان میں خلل ڈالنے والوں کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے، سیکیورٹی فورسز اور حکومت دہشتگردوں کے خلاف سرگرم عمل ہیں۔

وزیراعظم نے ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود سمیت دیگر زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔

کرم میں فائرنگ امن معاہدہ سبوتاژ کرنے کی سازش ہے، محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کرم میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری قافلے پر حملہ امن معاہدہ سبوتاژ کرنے کی سازش ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ شرپسند عناصر نے فائرنگ کرکے امن معاہدے کو نقصان پہنچانے کی گھناؤنی حرکت کی، انہوں نے ڈی سی کرم جاوید اللہ محسود اور زخمی ہونے والے ایف سی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی۔

ڈپٹی کمشنر کا زخمی ہونا انتظامیہ کی نااہلی ہے، گورنر خیبر پختونخوا

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ کرم ایجنسی میں سرکاری قافلے پر فائرنگ قابل مذمت ہے، ڈپٹی کمشنر کا زخمی ہونا انتظامیہ کی نااہلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر جاوید محسود کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں، امید ہے وہ جلد صحت یاب ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 6 جنوری 2025
کارٹون : 5 جنوری 2025