عمران خان کو بنی گالا منتقلی کی پیشکش کی گئی، فیصل چوہدری کا دعویٰ
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل فیصل چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کو بنی گالا مننتقل کرنے کی پیشکش کی گئی تھی۔
ڈان نیوز کے مطابق راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی رہائی اہم ہے، توشہ خانہ ٹو کیس جھوٹے کیسز کی سیریز میں سے ایک کیس ہے، بانی پی ٹی آئی کے خلاف پہلے چار فیصلوں جیسا فیصلہ ہی 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا بھی ہوگا۔
فیصل چوہدری نے کہا عمران خان نے بتایا کہ انہیں بالواسطہ طور پر بنی گالا منتقل ہونے کی پیشکش ہوئی تھی لیکن سیاسی قیدیوں کی رہائی تک انہوں نے اپنی رہا ہونے تک کہیں اور منتقل ہونے سے انکار کیا۔
پی ٹی آئی وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کی سزا کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا وقت آچکا ہے اور کوئی طاقت اس کو روک نہیں سکتی۔
خیال رہے کہ آج اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت 6 جنوری تک ملتوی کی گئی تھی۔
دوران سماعت وکیل صفائی کی عدم دستیابی کے باعث استغاثہ کے گواہ بنیامین پر جرح مکمل نہیں ہوسکی جبکہ بشریٰ بی بی کے وکیل ارشد تبریز بھی بیماری کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
پس منظر
یاد رہے کہ 12 ستمبر 2024 کو توشہ خانہ ٹو کیس کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اےکی 3 رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی گئی تھی۔
نیب ترامیم کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد احتساب عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو ریفرنس نیب سے ایف آئی اے کو منتقل کردیا تھا۔
قبل ازیں، عدالت نے توشہ خانہ 2 ریفرنس کا ریکارڈ اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت کو منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔
13 جولائی کو نیب نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو عدت نکاح کیس میں ضمانت ملنے کے فوری بعد توشہ خانہ کے ایک نئے ریفرنس میں گرفتار کرلیا تھا۔
نیب کی انکوائری رپورٹ کے مطابق نیا کیس 7 گھڑیوں سمیت 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے۔
اڈیالہ جیل کی عدالت ملزمان عمران خان اور بشریٰ بی بی کی کیس سے بریت کی درخواستیں بھی مسترد کر چکی ہے۔