• KHI: Fajr 5:57am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:57am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am

روہت شرما سڈنی ٹیسٹ سے باہر، ریڈ بال کیریئر ختم ہونے کا امکان

شائع January 2, 2025
— فوٹو: اے پی
— فوٹو: اے پی

سڈنی میں آسٹریلیا کے خلاف بارڈر گواسکر-ٹرافی کے پانچویں اور آخری ٹیسٹ سے بھارتی کپتان روہت شرما کو پلیئنگ الیون سے باہر کیے جانے کا امکان ہے جبکہ ان کی غیر موجودگی میں نائب کپتان جسپریت بمراہ ٹیم کی قیادت کریں گے۔

یہ بات بھارتی نیوز ویب سائٹ انڈیا ٹوڈے نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کی۔

روہت شرما نے بھارت کے لیے 67 ٹیسٹ کھیلے، ہو سکتا ہے کہ وہ دوبارہ بھارتی ٹیم کی طرف سے طویل دورانیے کی کرکٹ نہ کھیل سکیں۔

ذرائع نے کہا کہ میلبورن میں کھیلا گیا سیریز کا چوتھا ٹیسٹ روہت شرما کا آخری ٹیسٹ ثابت ہو سکتا ہے، اگر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) مداخلت نہیں کرتا اور ان سے آخری بار کھیلنے کی درخواست نہیں کرتا تو اس صورت میں اس فیصلے کے تبدیل ہونے کا امکان نہیں ہے۔

شبمن گل پلیئنگ الیون میں روہت شرما کی جگہ لینے کے لیے تیار ہیں اور وہ نمبر 3 پر بیٹنگ کریں گے، توقع ہے کہ کے ایل راہول اور یشسوی جیسوال سیریز کے آخری میچ میں اوپننگ کریں گے۔

روہت شرما نے سڈنی ٹیسٹ میچ سے قبل بھارت کے آخری ٹریننگ سیشن میں مختصر وقت کے لیے حصہ لیا، اہم میچ سے قبل روہت شرما کو ہیڈ کوچ سمیت دیگر کوچز اور نائب کپتان جسپریت بمراہ سے بات چیت کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

رپورٹ کے مطابق انہوں نے اپنے ساتھی کرکٹر کے پہلے بیچ کے ساتھ نیٹ میں ٹریننگ نہیں کی، ٹریننگ کرنے والوں میں ویرات کوہلی، شبمن گل، کے ایل راہول اور یشسوی جیسوال شامل تھے، روہت شرما کیچنگ پریکٹس سیشن کے دوران بھی غیر حاضر تھے۔

تاہم روہت شرما آخر میں نیٹ پر پہنچے اور صرف 10 منٹ تک بلے بازی کی، اس کے بعد انہیں مشہور سڈنی کرکٹ گراؤنڈ (ایس سی جی) کے ایک اسٹینڈ کے قریب گوتم گمبھیر اور جسپریت بمراہ کے ساتھ ایک بار پھر بات چیت کرتے ہوئے دیکھا۔

یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی جب کہ کوچ گوتم گمبھیر نے ٹیسٹ میچ کے موقع پر ایس سی جی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پلیئنگ الیون میں روہت شرما کے شامل ہونے کی تصدیق کرنے سے انکار کر دیا، جب کہ یہ پریس کانفرنس روایت کے برعکس کپتان کے بجائے کوچ نے کی۔

ان کا کہنا تھا کہ روہت شرما کے ساتھ سب کچھ ٹھیک ہے، مجھے نہیں لگتا کہ یہ کوئی روایت ہے، ہیڈ کوچ یہاں موجود ہے، یہ کافی ہونا چاہیے، یہ بہت ہونا چاہیے، میں کل وکٹ کا جائزہ لے کر ٹیم کو حتمی دوں گا۔

جب ان سے روہت شرما کی ٹیم بھارت کی منصوبہ بندی کا حصہ ہونے کے حوالے سے پوچھا گیا تو گوتم گمبھیر نے دہرایا کہ جیسا کہ میں نے ابھی کہا، ہم وکٹ دیکھیں گے اور کل پلیئنگ الیون کا اعلان کریں گے۔

جب ان سے دوبارہ پوچھا گیا تو گوتم گمبھیر نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ جواب وہی ہے۔

شبمن گل واپسی کے لیے تیار

چوتھے ٹیسٹ کے لیے ڈراپ کیے گئے شبمن گل پلیئنگ الیون میں واپسی اور اپنا نمبر 3 حاصل کرنے کے لیے تیار ہیں۔

اس کے علاوہ بھارت پانچویں اور آخری ٹیسٹ میں تیز گیند باز آکاش دیپ کے بغیر ہوگا، وہ کمر کی انجری کے باعث ٹیم سے باہر ہو گئے، پراسدھ کرشنا یا ہرشیت رانا ان کی جگہ لیں گے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ ہرشیت رانا نے پرتھ اور ایڈیلیڈ میں پہلے 2 ٹیسٹ کھیلے تھے، اس کے بعد انہیں آکاش دیپ کو شامل کرنے کے لیے ڈراپ کیا گیا تھا، پراسدھ کرشنا نے آخری میچ گزشتہ سال جنوری میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا تھا۔

بھارت سڈنی ٹیسٹ جیت کر آسٹریلیا کی برتری ختم کرنے کی کوشش کرے گا، اگر سیریز 2-2 سے برابری پر ختم ہوتی ہے، تو موجودہ چیمپئن بھارت بارڈر-گواسکر ٹرافی اپنے پاس برقرار رکھے گا۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل روہت شرما نے ہوم گراؤنڈ پر نیوزی لینڈ کے ہاتھوں تاریخی کلین سوئپ کے بعد آسٹریلیا میں مسلسل شکستوں پر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا تھا اور بھارتی نے رپورٹ کیا تھا کہ وہ پانچویں ٹیسٹ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کریں گے۔

بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے 3 میچوں میں محض 31 رنز بنائے ہیں جو جسپریت بمراہ کی جانب سے حاصل کی گئی (30) وکٹوں سے محض ایک نمبر زیادہ ہے۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا میں جاری ’بارڈر گواسکر ٹرافی‘ کے 5 میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم کو 1-2 سے برتری حاصل ہے۔

آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں کھیلے گئے بارڈر گواسکر ٹرافی سیریز کے پہلے میچ میں روہت شرما کی غیر موجودگی میں جسپریت بمراہ کی قیادت میں بھارت نے میزبان ٹیم کو 295 رنز سے شکست دی تھی۔

تیسرا میچ بارش کی وجہ سے بغیر کسی نتیجے کےختم ہوا تھا اور باقی میچوں میں بھارت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) حکام اور قومی سلیکٹرز نے روہت شرما سے بات کی، تاہم ریٹائرمنٹ سے متعلق حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا کہ وہ اس کا اعلان کب کریں گے، ممکنہ طور پر آسٹریلیا کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ کے بعد روہت شرما ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیں گے۔

کہا گیا تھا کہ تاہم ایسا دکھائی دیتا ہے کہ اگر بھارت کسی طرح ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوجاتا ہے تو روہت شرما بورڈ حکام اور سلیکٹرز سے کچھ وقت مانگیں گے اور انہیں فائنل تک ریٹائرمنٹ کو روکنے پر قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 6 جنوری 2025
کارٹون : 5 جنوری 2025