دو طرفہ محبت ہوجانے پر شادی کرلینی چاہیے، میرب علی
ماڈل و اداکارہ میرب علی نے کہا ہے کہ وہ یک طرفہ محبت پر یقین رکھتی ہیں، نہ کبھی انہیں ایسی محبت ہوئی، البتہ جب کوئی دو افراد دو طرفہ محبت میں مبتلا ہوجائیں تو انہیں فورا شادی کرلینی چاہیے۔
میرب علی حال ہی میں مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات‘ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
پروگرام کے دوران انہوں نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل انہوں نے اپنے گھر میں جنات کی موجودگی سے متعلق جو ویڈیو بنائی تھی، وہ حقیقی تھی، ان کے گھر میں واقعی جنات یا نظر نہ آنے والی مخلوقات کا سایہ ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور اب ان کا وہ گھر فروخت نہیں ہو رہا، کوئی ان کے گھر کو خریدنے کے لیے تیار ہی نہیں لیکن انہوں نے جو باتیں کیں، وہ سچی تھیں۔
ایک سوال کے جواب میں میرب علی نے بتایا کہ انہوں نے کم عمری میں گلوکار سجاد علی کے گانے میں ماڈلنگ سے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ بچپن میں انہیں ٹائیفائیڈ ہوگیا تھا، وہ جس لیڈی ڈاکٹر سے صبح و شام ڈرپس لگواتی تھیں، انہوں نے انہیں سجاد علی کے گانے کی ویڈیو کے لیے آڈیشن دینے کا کہا اور انہیں وہاں ویڈیو بناکر بھیجنے کی ہدایت کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس وقت ان کی عمر 15 یا 16 برس تھی اور انہوں نے نہ چاہتے ہوئے بھی اپنی ویڈیو بناکر بھیج دی، جس پر ان کا انتخاب ہوگیا اور پھر آڈیشن کے بعد انہیں منتخب کرلیا گیا۔
میرب علی کے مطابق وہ کئی سال تک ماڈلنگ کرتی رہی تھیں، پھر ان کی ماڈلنگ اور انسٹاگرام ویڈیوز پروڈیوسر ثنا شاہنواز نے دیکھیں تو ان سے ڈرامے ’صنف آہن‘ کے لیے رابطہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’صنف آہن‘ ان کا پہلا ڈراما تھا، جس میں انہوں نے پختون لڑکی کا کردار ادا کیا تھا، مذکورہ ڈرامے کے بعد انہوں نے اداکاری بھی شروع کردی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ حال ہی میں ان کا ڈراما ’فرار‘ کافی پسند کیا جا رہا ہے اور مذکورہ ڈرامے میں بھی انہوں نے پختون لڑکی کا کردار ادا کیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ انہیں ایکشن اور تھرلر فلم میں کام کی پیش کش ہو۔
محبت اور شادی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے میرب علی نے بتایا کہ وہ یک طرفہ محبت پر یقین نہیں رکھتیں، ایسی محبت کرنی ہی نہیں چاہیے، ایسی محبت کا کیا فائدہ جو عزت نہ دے۔
ان کا کہنا تھا کہ دو طرفہ محبت اچھی ہوتی ہے اور جب بھی کسی کو ایسی محبت ہوجائے تو ایسے افراد کو فوری طور پر شادی کرلینی چاہیے۔