’آرمی چیف کی حکومت کو حمایت کی یقین دہانی‘، ایس آئی ایف سی اجلاس کا اعلامیہ جاری
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے حکومت کو معاشی استحکام کے حوالے سے اقدامات کے لیے پاک فوج کی حمایت کے پختہ عزم کا یقین دلایا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کے گیارہویں اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں ایس آئی ایف سی کے تحت اٹھائے گئے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں آرمی چیف، وفاقی کابینہ، صوبائی وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور اعلیٰ سطح کے سرکاری حکام نے شرکت کی۔
سیکریٹری ایپکس کمیٹی نے اجلاس کو قومی اقتصادی پلان کے منصوبے اڑان پاکستان’ (2024-2029) کے حوالے سے ایس آئی ایف سی کے اسٹریٹجک فوکس، اقدامات اور شراکت کے بارے میں آگاہ کیا۔
کمیٹی نے ملک کے بہتر ہوتے میکرو اکنامک حالات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے اور معاشی بہتری کا فائدہ عوام تک پہنچانے کے حوالےسے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
کمیٹی نے پاکستان کے صنعتی منظرنامے کو نئے سرے سے بحال کرنے کے لیے خصوصی اقتصادی زونز (ایس ای زیز) کی اصلاحات کے لیے ایکشن پلان کی منظوری دی۔
کمیٹی نے نیشنل منرلز ہارمونائزیشن فریم ورک کی تجویز کا بھی جائزہ لیا، جو تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے۔
فورم کو انسانی وسائل کی ترقی (ایچ آر ڈی) کے شعبے میں مختلف اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی جن کی بدولت افرادی قوت کی مہارتوں کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جا سکے گا۔
وزرائے اعلیٰ نے اپنے اپنے صوبوں میں جاری اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی، جن سے معاشی ترقی کو فروغ ملے گا۔
چیف آف آرمی اسٹاف نے معاشی استحکام کے لیے حکومتی اقدامات، جن سے امن و امان اور سیکیورٹی بہتر بنانے میں مدد ملے گی، کے لیے پاک فوج کی حمایت کے پختہ عزم کا یقین دلایا۔
آخر میں وزیر اعظم نے 2025 کے دوران مستقبل کی سرگرمیوں کے لیے حکمت عملی ترتیب دینے میں ایس آئی ایف سی، وزارتوں، محکموں اور منسلک اسٹیک ہولڈرز کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے ملک کے وسیع تر مفاد میں تمام سطحوں پر اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔