19 لوگوں کیلئے معافی کا اعلان کوئی بڑی پیشرفت نہیں، بیرسٹر گوہر
تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے ملٹری کورٹ سے سزا یافتہ 19 مجرموں کی معافی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ 19 لوگوں کے لیے معافی کا اعلان کوئی بڑی پیشرفت نہیں ہے۔ حکومتی ٹیم کے ساتھ مذاکرات کے لیے قومی اسمبلی آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 19 لوگوں کے لیے معافی کا اعلان کوئی بڑی پیشرفت نہیں ہے، بنیادی طور پر 67 لوگوں اپیلیں دائر کی تھیں، 19 کو معافی ملی ہے،48 نے اپنی اپیلیں فائل کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ملٹری کورٹس میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف ہے، کسی بھی سولین کا ٹرائل ملٹری کورٹ میں نہیں ہوسکتا، سپریم کورٹ اس حوالے سے طے کرچکی ہے۔
مذاکرات کے حوالے سے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہم آج حکومت کے ساتھ مزاکرات میں اپنے مطالبات پیش کریں گے۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ مذاکرات کے حوالے سے ہمارا ایجنڈا واضح ہے، ہمارا مطالبہ ہے سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے اور 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔
دریں اثنا، حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور آج ہوگا جس میں تحریک انصاف اپنا چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرے گی۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق حکومتی اور اپوزیشن ٹیموں کے درمیان ان کیمرہ اجلاس کی صدارت کریں گے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور آج کے مذاکرات میں شریک ہوں گے۔
اجلاس میں تحریک انصاف اپنا چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرے گی، حکومت چارٹر آف ڈیمانڈ کی روشنی میں اپنا لائحہ عمل دے گی۔
اجلاس سے قبل حکومت اور اپوزیشن ارکان نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے مشاورت کی، ملاقات میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، اسد قیصر، شیر افضل مروت، مسلم لیگ ن کے رانا ثنااللہ اور طارق فضل چوہدری بھی موجود تھے۔