امریکا: ٹرمپ ہوٹل کے باہر ٹیسلا کے سائبر ٹرک میں دھماکا، ایک شخص ہلاک، 7 زخمی
امریکی ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس میں نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زیر ملکیت ٹرمپ انٹرنیشنل ہوٹل کے باہر ٹیسلا کا سائبر ٹرک دھماکے سے تباہ ہوگیا، واقعے میں ڈرائیور ہلاک اور 7 افراد زخمی ہوگئے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے دہشت گردی کے پہلو پر واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔
عینی شاہدین کی جانب سے بنائی گئی ویڈیوز میں ہوٹل کے باہر کھڑے ٹرک کو دھماکے کے بعد شعلوں میں گھرا ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔
یہ واقعہ نیو اورلینز میں سال نو کی تقریبات کے دوران ایک شخص کی جانب سے راہگیروں پر ٹرک چڑھانے کے چند گھنٹے بعد پیش آیا ہے، جس میں 15 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
لاس ویگاس میں واقع ٹرمپ انٹرنیشنل ہوٹل، نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ’دی ٹرمپ آرگنائزیشن‘ کا حصہ ہے، ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک 2024 کی صدارتی مہم میں ٹرمپ کے اہم حامی تھے اور ان کے صدارتی مشیر بھی ہوں گے۔
لاس ویگاس میٹروپولیٹن پولیس ڈپارٹمنٹ کے شیرف کیون میک میہل نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ’ظاہر ہے ایک سائبر ٹرک اور ٹرمپ ہوٹل کے ہوتے ہوئے بہت سے سوالات ہیں جن کا ہمیں جواب دینا ہے۔‘
ایف بی آئی کے اسپیشل ایجنٹ انچارج جیریمی شوارٹز نے بعد میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ آیا یہ دھماکا دہشت گردی کی کارروائی تھی یا نہیں۔
جیریمی شوارٹز نے کہا کہ ’میں جانتا ہوں کہ ہر کوئی اس لفظ میں دلچسپی رکھتا ہے، اور یہ دیکھنے کی کوشش کر رہا ہوں کہ کیا ہم کہہ سکتے ہیں، ’ارے، یہ ایک دہشت گرد حملہ ہے‘، یہی ہمارا مقصد ہے، اور ہم یہی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ گاڑی کولوراڈو سے کرائے پر لی گئی تھی، ایف بی آئی نے ڈرائیور کی شناخت کرلی ہے، تاہم اب تک منظر عام پر لانے کے لیے تیار نہیں ہے۔
ایلون مسک نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکے کا سائبر ٹرک سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
ایلون مسک نے ’ایکس‘ پر پوسٹ میں لکھا کہ ’ہم نے اب اس بات کی تصدیق کرلی ہے کہ دھماکا بہت بڑی آتش بازی یا کرائے پر لیے گئے سائبرٹرک میں رکھے گئے بم کی وجہ سے ہوا تھا اور اس کا گاڑی سے براہ راست کوئی تعلق نہیں تھا‘۔
انہوں نے کہا کہ ’دھماکے کے وقت گاڑی کی تمام ٹیلی میٹری مثبت تھی، ٹیلی میٹری میں دور دراز ذرائع سے گاڑی کے اعداد و شمار خود کار طریقے سے جمع کیے جاتے ہیں اور انہیں مرکزی ذریعے پر منتقل کیا جاتا ہے تاکہ بعد میں اس کا تجزیہ کیا جاسکے‘۔
میک مہل نے کہا کہ 2024 ماڈل کے سائبرٹرک کے اندر ایک شخص مردہ پایا گیا تھا اور دھماکے سے 7 افراد کو معمولی چوٹیں آئی تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سائبرٹرک اور نیو اورلینز حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی، کار شیئرنگ سروس ٹورو کے ذریعے کرائے پر لی گئی تھیں۔
ٹورو کے ایک ترجمان نے کہا کہ کمپنی کو یقین نہیں ہے کہ لاس ویگاس اور نیو اورلینز حملوں میں ملوث گاڑیوں کے کرائے داروں میں سے کسی کا بھی مجرمانہ پس منظر تھا جو انہیں سلامتی کے حوالے سے خطرے کے طور پر شناخت کرتی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ہم دونوں واقعات کی تحقیقات میں مصروف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔
واقعے کے بعد دی ٹرمپ ہوٹل کو خالی کروا لیا گیا تھا اور بیشتر افراد کو دوسرے ہوٹل میں منتقل کردیا گیا تھا۔