• KHI: Maghrib 5:56pm Isha 7:17pm
  • LHR: Maghrib 5:12pm Isha 6:39pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:41pm
  • KHI: Maghrib 5:56pm Isha 7:17pm
  • LHR: Maghrib 5:12pm Isha 6:39pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:41pm

آئی ایم ایف پروگرام کےدوران پینشن نظام تبدیل، حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کردیا

شائع January 1, 2025 اپ ڈیٹ January 2, 2025
— فائل فوٹو: انٹرنیٹ
— فائل فوٹو: انٹرنیٹ

وفاقی حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام کے دوران پنشن نظام میں مزید اصلاحات کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق پینشن نظام میں بڑی تبدیلیاں کردی گئیں، وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق یکم جنوری2025 سے پینشن آخری 2 سال کی اوسط تنخواہ کی بنیاد پر مقرر کی جائےگی۔

نوٹی فکیشن کے مطابق ایک سے زائد پینشن لینے پر پابندی ہوگی، وفاقی حکومت نے یہ فیصلے پے اینڈ پینشن کمیشن کی سفارشات پر کیے ہیں۔

اس سے قبل سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ سے قبل آخری تنخواہ پینشن مقررکی جاتی تھی، نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ صرف ایک پینشن لی جاسکے گی، حاضر سروس ملازمین پینشن نہیں لے سکیں گے جب کہ ریٹائرمنٹ پر ملنے والی پینشن کی بنیاد پر ہی مستقبل میں اضافے کا فیصلہ ہوگا۔

اس کے مطابق ریٹائرمنٹ کے وقت والی پینشن بیس لائن پینشن تصور ہوگی، بیس لائن پینشن کا ہر تین سال بعد پے اینڈ پینشن کمیٹی جائزہ لے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں وفاقی حکومت نے نئی پینشن اسکیم متعارف کرا دی تھی جس کا نوٹی فکیشن وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردیا گیا تھا۔

کنٹریوبیوٹری پینشن اسکیم فنڈ سے متعلق وزارت خزانہ سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق نئی پینشن اسکیم کے تحت ملازم پینشن کے لیے بنیادی تنخواہ کا 10 فیصد ادا کرے گا۔

نئی پینشن اسکیم کے تحت حکومت پینشن کے لیے بنیادی تنخواہ کا 20 فیصد ادا کرے گی جب کہ نئی اسکیم یکم جولائی 2024 کے بعد بھرتی ہونے والے سول ملازمین پر لاگو ہوگی۔

علاوہ ازیں، نئی پینشن اسکیم فوج کے یکم جولائی 2025 کے بعد بھرتی ہونے و الے ملازمین پر لاگو ہوگی۔

اس سے قبل اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پے اینڈ پینشن کمیشن کی سفارشات پر پینشن اسکیم میں ترامیم کی منظوری دی تھی۔

ای سی سی نے پینشن اسکیم میں ترامیم یکم جولائی 2024 سے لاگو کرنے کی سفارش کی تھی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم جولائی سے آنے والے نئے ملازمین کے لیے کنٹری بیوٹری پینشن اسکیم متعارف کرائی جائے گی، موجودہ پنشنرز کے لیے بھی نئے رولز متعارف کرائے جائیں گے۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ پینشن بہت بڑا بوجھ ہے، وقت کے ساتھ ساتھ ہمیں سروس اسٹرکچر میں تبدیلی کرنا ہوگی تاکہ پینشن کا خرچہ آہستہ آہستہ ہمارے قابو میں آئے۔

کارٹون

کارٹون : 4 جنوری 2025
کارٹون : 3 جنوری 2025