• KHI: Maghrib 5:56pm Isha 7:17pm
  • LHR: Maghrib 5:12pm Isha 6:39pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:41pm
  • KHI: Maghrib 5:56pm Isha 7:17pm
  • LHR: Maghrib 5:12pm Isha 6:39pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:41pm

جرمنی میں سال نو کے جشن میں آتش بازی، حادثات میں 5 افراد ہلاک، سیکڑوں زیر حراست

شائع January 1, 2025
برلن میں پولیس اہلکار آتش بازی کے دوران الرٹ کھڑے ہیں — فوٹو: رائٹرز
برلن میں پولیس اہلکار آتش بازی کے دوران الرٹ کھڑے ہیں — فوٹو: رائٹرز

جرمنی میں نئے سال کا جشن منانے کے لیے روایتی آتش بازی کے باعث ہونے والے حادثات میں 5 افراد ہلاک اور ایک پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق پولیس کے ترجمان فلوریان ناتھ نے بتایا کہ 2025 کے آغاز پر ہونے والے حادثات کے نتیجے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 13 اہلکار زخمی ہوئے، جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔

جرمن نئے سال کا جشن خاص طور پر آتش بازی کے انتہائی زیادہ استعمال کے ساتھ مناتے ہیں، جس کی وجہ سے ہر سال زخمی ہونے والوں کی بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ آلودگی اور شور کو دیکھتے ہوئے آتش بازی کے ’طاقتور آلات‘ کو غیر قانونی قرار دینے کے بارے میں بار بار بحث شروع ہو جاتی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دارالحکومت برلن میں رات گئے تقریباً 330 افراد کو حراست میں لیا گیا اور گزشتہ برسوں کے مقابلے میں کوئی بڑا تشدد یا واقعہ پیش نہیں آیا۔

مقامی پولیس کے مطابق نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے شمال مغربی علاقے میں پیڈربورن کے قریب ایک 24 سالہ شخص پائروٹیکنک راکٹ پھٹنے سے ہلاک ہو گیا، جو ممکنہ طور پر اس نے خود تیار کیا تھا۔

جرمنی کے مشرقی خطے سیکسونی میں اوشتاز کے علاقے میں 45 سالہ شخص کے سر میں شدید چوٹیں آئیں، یہ شہری پائروٹیکنک بم کو جلا رہا تھا، تاہم یہ طاقتور مواد کا حامل بم تھا، جسے خریدنے کے لیے خصوصی اجازت نامہ درکار ہوتا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اسی علاقے میں ایک 50 سالہ شخص بھی پائروٹیکنک پائپ بم کو ہارتھا ٹاؤن کے علاقے میں پھاڑنے کی کوشش کرنے کے دوران سر میں شدید چوٹیں لگنے سے ہلاک ہوا۔

جنوبی جرمنی میں ہمبرگ کے قریب 20 سالہ نوجوان آتش بازی کے دوران ہلاک ہوگیا۔

برلن کے قریب کریمین کے علاقے میں پانچواں شہری غلط انداز میں بم پھاڑنے کے دوران ہلاک ہوا، اسی طرح کے واقعات میں مزید جرمن شہری زخمی بھی ہوئے۔

واضح رہے کہ نئے عیسوی سال کے آغاز پر دنیا بھر میں جشن منایا جاتا ہے، اس دوران آتش بازی بھی کی جاتی ہے، بعض ممالک میں نئے سال کے استقبال پر ہوائی فائرنگ بھی کی جاتی ہے، تاہم فائرنگ کے واقعات کی حوصلہ شکنی کے لیے قوانین کا سختی سے نفاذ کیا جاتا ہے، تاکہ دیگر شہری اندھی گولیاں لگنے سے زخمی یا ہلاک نہ ہوسکیں۔

کارٹون

کارٹون : 4 جنوری 2025
کارٹون : 3 جنوری 2025