• KHI: Maghrib 5:56pm Isha 7:17pm
  • LHR: Maghrib 5:12pm Isha 6:39pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:41pm
  • KHI: Maghrib 5:56pm Isha 7:17pm
  • LHR: Maghrib 5:12pm Isha 6:39pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:41pm

3 ارب 20 کروڑ روپے کے ٹیکس فراڈ کے ملزم کی 100 روپے کے عوض ضمانت منظور

شائع January 1, 2025
— فائل فوٹو: اسلام آباد ہائیکورٹ ویب سائٹ
— فائل فوٹو: اسلام آباد ہائیکورٹ ویب سائٹ

اسلام آباد ہائی کورٹ نے 3 ارب 20 کروڑ روپے کے سیلز ٹیکس فراڈ کے شریک ملزم شاہد حسین خواجہ کی 100 روپے کے عوض ضمانت منظور کرلی۔

ڈان نیوز کے مطابق جسٹس بابر ستار نے ضمانت منظوری کا 10 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا ہے۔

فرسٹ ویمن بینک کے امپیریل کورٹ برانچ کراچی کے مینیجر کی ضمانت 100 روپے کے عوض منظور کی گئی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی کرمنل کارروائی کو اختیار سے تجاوز قرار دے دیا ہے۔

عدالت نے مجسٹریٹ کا ملزم کے ریمانڈ اور ماتحت عدالت کا ضمانت مسترد کرنے کا فیصلہ بھی باعث شرم قرار دیا ہے۔

جسٹس بابر ستار نے عدالتی فیصلے کی کاپی چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف آئی اے) کو بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ قانون کی خلاف ورزی میں کارروائی پر ایف بی آر اور ٹیکس حکام کے خلاف کارروائی کا بھی عندیہ دیا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بینک کے برانچ مینیجر کو Kineses انرجی اور پاور کمپنی کے برانچ میں اکاؤنٹ کھولنے میں اعانت پر گرفتار کیا گیا، ریاست نے درخواست گزار کے ٹیکس فراڈ کے جرم میں ملوث ہونے کا کوئی مواد پیش نہیں کیا، ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے قانون کے مطابق ٹیکس دہندہ پر واجب الادا ٹیکس کا تعین ہی نہیں کیا، محکمہ ٹیکس نے درخواست گزار کو لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی میں گرفتار کیا۔

لاہور ہائی کورٹ کا تاج انٹرنیشنل پرائیویٹ لمیٹڈ کے کیس میں فیصلہ سپریم کورٹ نے بھی برقرار رکھا، فیصلے میں کہا گیا ہے کہ محکمہ ٹیکس نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کا علم ہونے کے باوجود کرمنل کارروائی شروع کی، محکمہ ٹیکس نے کرمنل کارروائی شروع کر کے اختیارات سے تجاوز کیا۔

عدالت عالیہ نے قرار دیا کہ ٹیکس حکام نےاختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے درخواست گزار کے آزادی، وقار اور برابری کے آئینی حقوق مجروح کیے، زیادہ ٹیکس جمع کرنے کی کوشش میں اتھارٹیز اور ٹیکس حکام نے طے کردہ قانون کی خلاف ورزی کی۔

جسٹس بابر ستار نے فیصلے میں لکھا کہ شرم کی بات ہے کہ ریمانڈ دینے والے مجسٹریٹ اور ضمانت مسترد کرنے والی عدالت نے سیلز ٹیکس ایکٹ کی شقوں کا خیال نہیں رکھا، ماتحت عدالت نے بنیادی آئینی حقوق کے تحفظ کی بجائے محکمہ ٹیکس کے گمراہ کُن اقدامات کی ستائش کی۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کرمنل کارروائی کی قانونی حیثیت کا سوال اس عدالت کے سامنے نہیں، عدالت امید کرتی ہے کہ ٹرائل کورٹ اس کارروائی کی قانونی حیثیت کو مدنظر رکھے گی۔

عدالت نے کہا کہ درخواست گزار کی ضمانت 100 روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی جاتی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلے میں لکھا کہ چیئرمین ایف بی آر اسلام آباد ہائی کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ کے فیصلوں کی کاپی ٹیکس افسران میں تقسیم کریں، ٹیکس حکام تاج انٹرنیشنل کیس فیصلے کی روشنی میں سیلز ٹیکس سے متعلق کرمنل کارروائی کریں۔

فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ احکام کی خلاف ورزی کی صورت میں ایف بی آر اور ٹیکس حکام کو اختیارات کے ناجائز استعمال پر کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا، سرکاری افسران کو تفویض کردہ قانونی اور پولیس اختیارات کا استعمال قانون کے مطابق کیا جائے۔

کارٹون

کارٹون : 4 جنوری 2025
کارٹون : 3 جنوری 2025