بھارت: منی پور کے وزیر اعلیٰ نے نسلی فسادات پر معافی مانگ لی
بھارت کی شمال مشرقی ریاست منی پور کے وزیر اعلیٰ نے کئی ماہ سے جاری نسلی فسادات پر معافی مانگ لی جب کہ بےامنی کے دوران کم از کم 250 افراد ہلاک ہوئے اور وزیر اعظم نریندر مودی کی وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق مئی 2023 میں 32 لاکھ نفوس پر مشتمل ریاست میں اکثریتی میتی اور کوکی قبائلی برادریوں کے درمیان تنازع پھوٹ پڑا تھا اور 60 افراد بے گھر ہو گئے تھے، امن کی کوششوں کے باوجود دونوں قبائل کے بہت سے لوگ نسلی طور پر مخلوط علاقوں سے نقل مکانی کر گئے۔
پرتشدد واقعات اس وقت پھوٹ پڑے جب ایک عدالت نے ریاستی حکومت کو کوکی قبائل کو ملنے والے خصوصی معاشی فوائد اور سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ اور تعلیمی سہولیات میتی قبائل کو بھی دینے کا حکم دیا۔
وزیر اعلیٰ بیرن سنگھ نے ریاستی دارالحکومت امپھال میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ پورا سال بہت ہی بدقسمتی سے گزرا۔
انہوں نے کہا کہ ’جو کچھ بھی ہو رہا ہے، میں اس پر ریاست کے لوگوں سے معذرت چاہتا ہوں، بہت سے لوگوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا، بہت سے لوگوں نے گھر بار چھوڑ دیے، میں شرمندہ ہوں، معافی چاہتا ہوں۔‘
وقفے وقفے سے حملوں اور ہلاکتوں کی خبریں آتی رہیں لیکن وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حالیہ مہینوں میں امن کی کوششوں میں پیش رفت ہوئی ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ سال نو میں حالات معمول پر آجائیں گے۔
منی پور کے 2 سب سے بڑے نسلی گروہ زمین، نوکریوں اور سیاسی تسلط کے لیے بھرپور مقابلہ کر رہے ہیں جب کہ ریاست میں بڑی مقدار میں ہتھیار زیر گردش ہیں، ان ہتھیاروں میں پولیس سے چوری کیا گیا یا پڑوسی ملک میانمار سے اسمگل کی گئی خود کار رائفلیں دونوں ہی شامل ہیں۔
کوکی قبائل نے میتی قبیلے اور نریندر مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیر اعلیٰ کی برادری کے ارکان پر حملوں میں ملوث ہونے کا الزام لگایا اور ان کی برطرفی کا مطالبہ کیا۔
برن سنگھ ان الزامات کی تردید کرتے ہیں اور مودی کی وفاقی حکومت نے اپوزیشن کے غیرفعال ہونے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس نے دسیوں ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے ہیں اور صورت حال بہتر ہو رہی ہے۔