کابینہ نے سعودی عرب کو ریکوڈک شیئرز فروخت کرنے کی منظوری نہیں دی، مصدق ملک
وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے بلوچستان کے ضلع چاغی میں واقع ریکوڈک منصوبے کے 15 فیصد شیئرز سعودی عرب کو فروخت کرنے کی خبروں کو مسترد کر دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کابینہ نے سعودی عرب کو ریکوڈک شیئرز فروخت کرنے کی منظوری نہیں دی، اس حوالے سے معاملات ابھی تک طے نہیں پائے۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، مثبت انداز سے معاملات آگے بڑھ رہے ہیں۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ گیس کی قیمتوں کے حوالے سے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی ( اوگرا) کے فیصلے پرکام کر رہے ہیں، قیمتوں سے متعلق پہلے وزیر اعظم کو بریف کیا جائے گا۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ گیس کی قیمتوں سے متعلق ابھی تک سمری نہیں بھجوائی، میں نے کیپٹو پاور پلانٹس (سی پی پیز) کے خلاف مہم چلائی، کیپٹو والے گیس سے 13 روپےکی بجلی بناتے ہیں، باقی نیشنل گرڈ سے 40 روپے میں خریدتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کیپٹو پاور پلانٹس (سی پی پیز) کے اس معاملے پر وزیر اعظم کو بھی آگاہ کیا، کویت پٹرولیم کی جانب سے پاکستان چھوڑنے کی خبریں غلط ہیں، کمپنی ملک سے کہیں نہیں جارہی اور اس نے آپریشنز بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کویت پٹرولیم نے صرف 17 فیصد ڈپلیشن والے اثاثے آف لوڈ کیے ہیں۔
’توانائی کے شعبےکا مجموعی گردشی قرضہ 5 ہزار ارب روپے‘
وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبےکا مجموعی گردشی قرضہ 5 ہزار ارب روپے سے زیادہ ہے، نگران حکومت نےکیپٹو پلانٹس کے لیے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کردیا تھا، پلانٹس کے مستقبل سے متعلق معاملہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ اٹھائیں گے۔
واضح رہے کہ میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ حکومت نے بین الحکومتی تجارتی لین دین کے ایکٹ کے تحت سعودی عرب کو ریکوڈک منصوبے کے 15 فیصد شیئرز فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
عہدیدار نے مزید کہا تھا کہ سعودی عرب دو اقساط میں ادائیگی کرے گا، پہلے مرحلے میں، سعودی عرب کو اس منصوبے میں 10 فیصد شیئرز ملیں گے، جس کے لیے وہ پاکستان کو 330 ملین ڈالرز ادا کرے گا۔
دوسرے مرحلے میں 5 فیصد شیئرز فروخت کیے جائیں گے جس سے پاکستان کو 210 ملین ڈالرز ملیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں سعودی عرب نے پاکستان میں موجود ریکوڈک کے سونے اور تانبے کے ذخائر میں حکومتی حصص حاصل کرنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔
ریکوڈک میں 50 فیصد حصص کی مالک بیرک گولڈ کارپوریشن اس کان کو دنیا کے سب سے کم توجہ دیے جانے والے تانبے اور سونے کے ذخائر میں سے ایک قرار دیتی ہے۔
اس وقت وزیر اعظم کے مشیر برائے خصوصی سرمایہ کاری جہانزیب خان نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ پاکستان نے کان میں اپنے حصص کی تشخیص کے لیے ایک بین الاقوامی مشیر مقرر کیا ہے اور توقع ہے کہ یہ عمل 25 دسمبر 2023 سے پہلے مکمل ہو جائے گا، جس کے بعد سعودی عرب سے بات چیت شروع ہو گی۔
واضح رہے کہ بیرک گولڈ کے علاوہ کان کا بقیہ 50 فیصد وفاق اور حکومت بلوچستان کے پاس ہے۔